جرائم

پشاور پولیس کے ساتھ تلخ کلامی، تنگی تحصیل کے چیئرمین فیاض علی سالار ساتھیوں سمیت گرفتار

پشاور پولیس کے ساتھ تلخ کلامی پر تنگی تحصیل کے چیئرمین فیاض علی سالار کو گرفتار کر لیا گیا۔ فیاض علی سالار کی گرفتاری کے خلاف مزدور کسان پارٹی کے کارکنان نے کئی اضلاع میں مظاہرے شروع کر دیئے

زرائع کے مطابق تحصیل تنگی چارسدہ کے چیئرمین فیاض علی سالار اور ان کے ساتھی اپنی والدہ کی بیمار پرسی کے لیے پشاور کے ایک نجی ہسپتال آ رہے تھے جنہیں تھانہ آغا میر جانی شاہ کی پولیس نے راستے میں روکا اور گاڑی کی تلاشی شروع کر دی جس پر فیاض علی سالار اور ان کے ساتھی نے پولیس کے ساتھ تلخ کلامی کی جس پر پولیس نے فیاض علی سالار کو گرفتار کر کے تھانے بند کر دیا۔ واقعے کی اطلاع پا کر تحصیل تنگی سمیت مختلف اضلاع میں مزدور کسان پارٹی کے کارکنان احتجاج کرنے لگے، ان کا کہنا ہے کہ پشاور پولیس کا سیاسی شخصیات کے ساتھ نامناسب رویہ قابل مذمت ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فیاض علی سالار اور ان کے ساتھیوں نے سرکلر روڈ پشاور میں پولیس کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی اور دو پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں، پولیس نے حکمت عملی سے ملزمان کو گرفتار کیا اور گاڑی کی تلاشی پر گاڑی سے کلاشنکوف، پستول اور کارتوس برآمد کئے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا سکے۔

ادھر کارکنان نے بھی قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے متعدد قانونی ماہرین سے رابطے میں ہیں تاکہ واقعے میں قانونی مدد لی جا سکے۔ کارکنان کے مطابق عدالت میں وکلاء پینل پیش کریں گے اور پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی بھی مخالفت کریں گے اور ملزمان کی ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست دائر کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button