متنی اور نوشہرہ میں پولیس پر فائرنگ، تین اہلکار جاں بحق دو زخمی
متنی اور نوشہرہ میں پولیس پر فائرنگ کے واقعات سامنے آئے یں جن میں تین اہلکار جاں بحق، دو زخمی ہو گئے۔
زرائع کے مطابق تھانہ متنی کی حدود میں واقع چوکی پاسنی نواب گوٹ میں نامعلوم افراد نے موبائل سکواڈ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 پولیس جوان شیر اکبر اور جان علی شہید، انچارج نوتھیہ خان زخمی ہو گئے۔
وقوعہ کے بعد پولیس افسران موقع پر پہنچے اور جاری آپریشن کی نگرانی شروع کر دی۔
دوسری جانب تھانہ نوشہرہ کینٹ کے رائیڈر سکواڈ پر نامعلوم راہزنوں کی فائرنگ، فائرنگ سے کانسٹیبل اویس جاں بحق جبکہ ریاض نامی اہلکار زخمی ہو گیا۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار شمع چوک میں راہگیروں کو لوٹ رہے ہیں جس پر پولیس الرٹ کر دی گئی، فوری بعد رائیڈر سکواڈ سے نامعلوم راہزنوں کا آمنا سامنا ہوا جس پر راہزنوں فرار ہونے کی کوشش کی، اور تعاقب کرنے پر انہوں نے رائیڈر سکواڈ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اویس نامی کانسٹیبل شہادت کے مرتبے پر فائز ہوا جبکہ ریاض زخمی ہے، اور حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمر خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے اور شہر سے باہر جانے والے تمام راستوں پر ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا پولیس پر فائرنگ اور حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ ہفتے کو بھی باڑہ اور نوشہرہ میں پولیس پر حملوں کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔
زرائع کے مطابق باڑہ میں سب انسپکٹر انداز گل ڈیوٹی کے لیے گھر سے نکلے تو انہیں برقمبر شینکو ڈاگری میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، پولیس نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔