جرائم

نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، باڑہ پولیس کے دو اہلکار شہید

خیبر: باڑہ شلوبر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔

پولیس کے مطابق باڑہ شلوبر کے نواحی ارجلی ندے چیک پوسٹ پر پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد آئے اور ڈیوٹی پر مامور اہلکار سید کریم اور عبدالرحمان پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں زخمی ہو گئے، ان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں دم توڑ گئے۔

واقعے بعد ڈی پی او خیبر عمران، انویسٹی گیشن آفیسر عابد آفریدی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے شواہد اکٹھے کئے جبکہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 7 جولائی کو تھانہ تیراہ کی حدود، علاقہ متھرے اکاخیل میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ سے چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز شمالی وزیرستان تحصیل میر علی عیدک میں جمیعت علمائے اسلام کے میر علی تحصیل کے امیر قاری سمیع الدین اور قاری نعمان کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ صوبے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جولائی کے پہلے ہفتے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز پر کئی ایک حملے ہوئے جن میں 6 اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 25 زخمی ہوئے۔ 4 جولائی ڈیرہ اسماعیل خان میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کو قتل کیا گیا، اس کے بعد 5 جولائی کو ٹانک میں دو پولیس اہلکار قتل ہوئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ٹی ٹی پی کا ہی ہاتھ ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button