جرائم

پشاور دھماکہ: مرنے والوں کی تعداد 62 ہو گئی

پشاور میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پشاور کے کوچہ رسالدار میں ہوئے دھماکے میں گذشتہ شب تک 56 افراد جاں بحق جبکہ 190 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی تھی، انہی میں سے مزید چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے پہلے باہر سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جن میں سے ایک موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا جس کے بعد خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر تیسری صف میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

تازہ ترین معلومات کے مطابق حملہ آور کے ساتھ دو افراد اور بھی تھے جنہیں ایک رکشہ میں یہاں پہنچایا گیا تھا، اس وقت اس رکشہ ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں سات کا تعلق ہنگو سے جبکہ کرم سے تعلق رکھنے والے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

https://youtu.be/v1uFcQ2rgwE

خیال رہے کہ پولیس زرائع نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ دھماکہ کوہاٹی گیٹ کے قریب واقع امام بارگاہ کوچہ رسالدار میں ہوا ہے جس میں زخمیوں کی تعداد کافی بتائی جا رہی تھی، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بی ڈی ایس سکوارڈ کو اعلی حکام کے پہنچنے سے پہلے جائے وقوعہ اور گرد و نواح کو کلیئر کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں جبکہ ریسکیو اور دیگر امدادی سروسز بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔

ٹی این این کو ایل آر ایچ (لیڈی ریڈنگ ہسپتال) سے موصول اطلاعات کے مطابق اب تک 194 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا تھا جن میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی تھی۔

آخری اطلاعات کے مطابق دھماکے میں اس وقت تک 56 افراد جاں بحق جبکہ 190 سے زائد زخمی بتائے جا رہے تھے، زخمیوں کی حالت کے پیش نظر اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button