جرائم

نوشہرہ: بھائی کے جرم کی پاداش میں 3 کمسن بہنیں ”سورا“ کی بھینٹ چڑھ گئیں

قانون کی عملداری نظر انداز، نوشہرہ میں تین لڑکیاں ونی کر دی گئیں۔ پشاور کی رہائشی 5 بچوں کی ماں آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی تو جرگے نے بھائی کی سزا میں دو کمسن بچیوں سمیت تین لڑکیاں، جن کی عمریں 4 اور 9 سال کے درمیان ہیں، سورا یعنی ونی کر دیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق 4 فروری کو نوشہرہ کلاں کا رہائشی آصف خان پشاور کے رہائشی گل داد (فرضی نام) کی بیوی، جو کہ پانچ بچوں کی ماں تھی، اپنے ساتھ ورغلا پھسلا کر لے گیا تھا جس پر بعدازاں منعقدہ جرگہ نے فیصلہ سناتے ہوئے آصف کی سزا اس کی بہن اور دو کمسن بچیوں کو دے دی۔

جرگہ نے فیصلہ سنایا کہ خاتون کا شوہر اسے طلاق دے گا جس کے ساتھ ملزم کا نکاح پڑھایا جائے گا اور ملزم کی سزا میں بہن کو کل ونی کیا جائے گا جبکہ دو کمسن لڑکیاں آئندہ دنوں میں ونی کر دی جائیں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جرگے کا فیصلہ نوشہرہ کلاں سلطان آباد میں منعقدہ امام بارگاہ کے متولی شبیر کی سربراہی میں ہوا، جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب تھانہ نوشہرہ کلاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سورا میں کمسن بچیوں کو دینے والے افراد گرفتار کر لیے اور مذکورہ کمسن بچیوں کو پولیس نے تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق کچھ پانچ ملزمان تھانہ فقیر آباد پشاور کی حدود میں سکونت پذیر ہیں جن کی گرفتاری کے لئے مذکورہ تھانہ سے رابطہ کر لیا گیا ہے، بچیوں کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد انہیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button