”میری بیوی کے سر میں کیل پیر نے نہیں جنات نے ٹھوکی ہے”
پشاور: اولاد نرینہ کی خواہش میں سر میں کیل ٹھونکنے والی خاتون کے شوہر کا بیان سامنے آ گیا، شوہر کے مطابق خاتون ذہنی مریضہ ہے جبکہ اس کے سر میں کیل جنات نے ٹھونکا ہے۔
خیال رہے کہ دو تین روز قبل سوشل میڈیا پر اپنی نوعیت کا ایک انوکھا اور افسوسناک کیس سامنے آیا تھا، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں نیورو ٹراما کے ریزیڈنٹ نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر سلمان نے اس حوالے سے بتایا کہ ان کے پاس ایمرجنسی میں ایک زخمی خاتون لائی گئی جس کے سر سے خون بہہ رہا تھا، خاتون کے سر کا معائنہ کیا گیا تو کیل سر کے اندر پیوست نظر آیا اور چوٹ بھی گہری تھی۔
کیس میں مشکل صورتحال اس وقت سامنے آئی جب مذکور خاتون کے حوالے سے ہسپتال کے پاس ریکارڈ موجود تھا نا پولیس کے پاس، تاہم گزشتہ روز سی سی پی او عباس احسن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور متاثرہ خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
سی سی پی او کے مطابق انکوائری ٹیم کا متاثرہ خاتون کے شوہر سے رابطہ ہو چکا ہے جو شہر سے باہر ہے اور جسے پشاور طلب کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہسپتال رسید میں متاثرہ خاتون کی انٹری باز گل کے نام سے ہوئی ہے جس کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے ایک بیٹی شامل ہیں اور ان کی عمر بالترتیب نو سال، تین سال اور دو سال ہے۔
عباس احسن کے مطابق خاتون ہسپتال میں درج ایڈریس پر موجود نہیں ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کسی رشتہ دار کے گھر میں ہے جس کی تلاش جاری ہے، واقعہ کی مکمل اور شفاف انکوائری کی جا رہی ہے اور کل تک اہم پیش رفت متوقع ہے۔
ابھی کچھ ہی دیر قبل ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے خاتون کے شوہر صابر اور ان کے دو بچوں کے ہمراہ پریس کانفرس میں کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے ریکارڈ میں کوئی پتہ درج نہیں تھا (جس پر) نادرا سے خاندان کی شاخت کے لیے رابط کیا گیا (اور متاثرہ خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا)، شوہر نے دو شادیاں کی ہیں، پہلی بیوی سے آٹھ اور دوسری بیوی سے تین بچے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مریضہ خاتون کے تین بچے ہیں، جس میں دو بیٹے بھی شامل ہیں، خاتون دماغی مریضہ ہے اور 2017 سے دماغی مرض کا علاج کر رہی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق خاتون کی میڈیکل اور دماغی حالت کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، خاتون کے شوہر کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے، متاثرہ خاتون اور شوہر کا سائیکاٹرک ڈاکٹر سے میڈیکل چیک اپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جامع تفتیش کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا، سردست واقعہ حادثہ معلوم ہو رہا ہے جس کو جلد کلیئر کر لیا جائے گا۔
اس موقع پر متاثرہ خاتون کے شوہر صابر نے بتایا کہ ان کا تعلق افغانستان سے ہے، اور یہ انکشاف کیا کہ کیل (خاتون کے سر میں) جنات نے ٹھوکا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف قسم کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اس اہم کیس میں اب تک تین قسم کے موقفات سامنے آئے ہیں، پہلے بتایا گیا کہ خاتون کی اولاد نرینہ نہیں، چار بیٹیاں ہیں اور ایک پیر کے کہنے پر اس نے اپنے سر میں کیل ٹھوکی ہے، پھر کہا گیا کہ خاتون ذہنی مریضہ ہے اور اس نے خود اپنی یہ حالت کر رکھی ہے جبکہ اب کہا جا رہا ہے کہ یہ کارستانی جنات کی ہے۔
بعض صارفین کی نظر میں کیس میں سامنے آنے والی نئی پیش رفت یا اپنایا جانے والا موقف اس عامل یا پیر کو بچانے کی کوشش کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ اس کیس میں ہسپتال اور پولیس پر بھی قسم قسم کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اصل صورتحال کیا ہے، امید ہے کہ جلد یا بدیر یہ بھی سامنے آ جائے گی۔