”جنوبی وزیرستان کی پولیس کے پاس گیس گن ہے نا بکتربند گاڑی اور نہ موبائل وین”
ضلع جنوبی وزیرستان سب ڈویژن وانا کے پولیس اسٹیشن میں سال گزشتہ کے دوران دفعہ 302 سمیت ٹوٹل 224 مقدمات درج کئے گئے۔
تھانہ محرر حیات الله کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمات میں چوری، ڈاکہ زنی اور منشیات فروشی کے الزامات کے تحت بھی 108 ملزمان کے خلاف FIRs درج کی گئیں جن میں اسی فیصد ملزمان گرفتار کیے گئے، دفعہ 107 کے تحت 91 مقدمات درج ہوئے، ساتھ ساتھ آورہ گردی کے الزام میں 7 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
پولیس اسٹیشن وانا کے محرر کے مطابق مذکورہ 224 مقدمات میں سے دفعہ 302 کے 13 مقدمات ہیں جن میں سے 4 مقدمات پولیس مدعیت میں درج کئے گئے، 4 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی ار درج کی گئیں، 302 کے الزام میں اب تک 7 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں جبکہ باقی قاتلوں کی تلاش جاری ہے۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں حیات الله نے بتایا کہ دفعہ 324 یعنی اقدام قتل کے 12 مقدمات درج کئے گئے جن میں متعدد ملزمان گرفتار بھی کئے جا چکے ہیں۔
حیات الله کے مطابق جنوبی وزیرستان کی پولیس کے پاس گیس گن ہے نا بکتربند گاڑی اور نہ پولیس موبائل وین ہیں، ”ہمارے لئے مشکل امر یہ ہے کہ یہاں کے لوگ قبائلی جرگے کو ترجیح دے کر ایف آئی ار کٹوانے سے کترا رہے ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی اسلحہ کی نمائش اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف اقدامات کر رہے ہیں، ”نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی اولین ترجیح ہے لیکن اس کے خلاف ابھی تک کسی قسم کا ایکٹ پاس نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فاٹا اںضمام کے بعد جون 2019 میں جنوبی وزیرستان میں تاریخ کے پہلے پولیس سٹیشن کا افتتاح کیا گیا تھا۔