جرائم

بڈھ بیر میں لین کے تنازعہ پر سالہ اور بہنوئی قتل، صوابی میں سسرالیوں نے بہو کو پھانسی دیدی

پشاور کے علاقہ بڈھ بیر شیخ محمدی میں مبینہ طور پر لین دین کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے سالہ اور بہنوئی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے بروقت کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ ان کا تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں اور مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

روح الامین ولد امیرزادہ ساکن شیخ محمدی محلہ غنی خیل نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب وہ اپنے بھائی نورالاسلام اور بہنوئی عزیز خان ولد طاوس خان کے ہمراہ اپنے گھر میں موجود تھا کہ اس دوران اینٹوں کے گرنے کی آواز پر باہر نکلے تو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہونے والے 3 مسلح افراد نے اُن پر اپنے اپنے اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ تینوں لگ کر زخمی ہو گئے جنہیں مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں بعد ازاں نورالاسلام اور عزیز خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مدعی کے مطابق ان کا ملزمان کے ساتھ لین دین کا تنازعہ چلا آ رہا ہے جو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق رات گئے واقعے کی اطلاع ملنے پر انہوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ایک مقامی حجرے سے 2 ملزمان خان ریز ولد جنگریز اور شاہد ولی ولد ولی خان ساکنان جمرود غنڈی کیمپ کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کا تیسرا ساتھی جس کی شناخت لعل ریز ولد جنگریز کے نام سے ہوئی ہے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

صوابی میں گھریلونا چاقی پر ساس نے اپنے بیٹوں سے مل کر بہو کو قتل کر دیا۔ محمد نوید خان ولد نذیر محمد سکنہ گھڑی کپوری حال رائٹ بینک کالونی تربیلہ ڈیم نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ مبینہ طور پر سعد محمد اس کی زوجہ اور بیٹوں داؤد اور جواد ساکنان صوابی نے اس کی ہمشیرہ زوجہ مقصود احمد ولد سعد محمد کو مبینہ طور پر پھانسی دے کر قتل کر دیا۔

رپورٹ میں وجہ عناد گھریلو ناچاقی بیان کی گئی ہے۔ صوابی پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی رپورٹ پر مبینہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button