پشاور، پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 2 افغان دہشت گرد ہلاک
پشاور پولیس کے ساتھ جھڑپ میں انتہائی مطلوب 2 افغان بھتہ خور اور اشتہاری بھائی مارے گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مارے گئے ملزمان پولیس مقابلے سمیت 13 قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔
سی سی پی او پشاور عباس احسن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پشاور پولیس کی کارروائی کے دوران مقابلے میں 2 انتہائی خطرناک اشتہاری مجرمان ہلاک ہو گئے، دونوں دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا جو پولیس مقابلے سمیت 13 قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات کے علاوہ بھتہ خوری میں بھی مطلوب تھے۔
سی سی پی او عباس احسن نے بتایا کہ ملزمان شیرکے اور شیزے پسران سدوزئی ساکنان افغانستان حال ناصر باغ کی موجودگی کی اطلاع پر پہلے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں کارروائی کی گئی، ناصر باغ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار راحت زخمی ہوا، ملزمان ناصر باغ سے فرار ہو کر تھانہ پشتہ خرہ کی حدود تاج آباد قبرستان میں روپوش ہوئے تھے، اطلاع ملنے پر جیسے ہی پولیس ٹیم تاج آباد قبرستان پہنچی تو ملزمان نے دوبارہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔
عباس احسن کے مطابق کارروائی کے دوران موقع سے دو پستول اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور ملزمان کے موبائل سے ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے، ڈیٹا سامنے آنے پر ان کے دیگر ساتھیوں کا بھی پیچھا کیا جائے گا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی سی پی او نے کہا کہ ملزمان نے خطرناک ہیئت اختیار کر لی تھی، بھتہ خوری سمیت قتل مقاتلہ ملزمان کا پسندیدہ مشغلہ تھا، ملزمان نے اپنے قریبی رشتے داروں کو بھی معاف نہیں کیا تھا۔ احسن عباس نے کہا کہ ملک میں بھتہ خوری سمیت کسی بھی قسم کی جرم کی کوئی گنجائش نہیں، بھتہ خوری کے خلاف منظم کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز لکی مروت میں پولیو ٹیم پر حملے کے بعد مردان کی تحصیل تخت بھائی میں فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ اشتہاری ملزم بھی مارا گیا تھا۔
قبل ازیں ضلع ٹانگ میں پولیو ٹیم پر ایک اور حملے میں سکیورٹی پر مامور ایک اہلکار شہید ہو گیا تھا۔
زرائع کے مطابق ضلع ٹانک کے گاؤں شادہ گرہ میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل نذیر احمد شہید ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید اہلکار کی لاش ہسپتال منتقل کر دی، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
واضح رہے کہ رواں سہ روز پولیو مہم کے تیسرے روز پولیو ٹیم پر یہ دوسرا حملہ ہے، گزشتہ روز بھی اس ضلع کے گاؤں چھدرڑ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا اور پولیس و ایف سی کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا، حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔