سانحہ اے پی ایس کیس، حکومت کو رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مل گئی
سپریم کورٹ نے سانحہ اے پی ایس کیس میں حکومت کو اے پی ایس پر رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید 3 ہفتوں کی مہلت دے دی۔
سانحہ اے پی ایس کیس کی سماعت سردیوں کی عدالتی چھٹیوں کے بعد ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے حکومت سے عمل درآمد رپورٹ 4 ہفتوں میں جمع کرانے کا کہا تھا۔ سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن 10 دسمبر تک تھی، جسے بڑھا دیا گیا ہے۔
خیال رہے حکومت نے سپریم کورٹ میں اے پی ایس عمل درآمد رپورٹ جمع کرانی ہے۔ عدالت اعظمی کی جانب سے وزیراعظم کے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرانے کے لیے کہا گیا تھا۔ حکومت نے سپریم کورٹ سے اضافی وقت کی درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے کیس میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا اور بتایا تھا کہ شہداء کے والدین سے ملاقات کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی 16 دسمبر کو برسی ہے، وزیراعظم نے شہداء کے والدین سے ملاقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔