گھریلو مرغبانی سکیم: لکی مروت میں مرغیوں کے نام پر چوزوں کی تقسیم شروع، عوام کا احتجاج
غلام اکبر مروت
محکمہ لائیوسٹاک لکی مروت اور ٹھیکیدار نے مل کر وزیراعظم عمران خان کی گھریلو مرغبانی سکیم کو ناکام بنانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ گھریلو مرغبانی سکیم کے تحت پانچ مرغیوں اور ایک مرغے کا سیٹ 1050 روپے میں مستحق خاندانوں کو دینا تھا لیکن لکی مروت میں محکمہ لائیوسٹاک نے متعلقہ ٹھیکیدار سے ملی بھگت کر کے مرغیوں کے نام پر چوزوں کی تقسیم شروع کر دی جس پر مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔
اس موقع پر موجود عبداللہ، غلام ذکریا خان اور کامران خان نے بتایا کہ لکی مروت میں پی ٹی آئی اور عمران خان مخالف سیاسی قوتیں متحرک ہیں جو مرغیوں کی بجائے چوزوں کی تقسیم سے صوبائی حکومت کو بدنام کر رہی ہیں، مرغیوں کی بجائے چوزوں کی تقسیم سے اس منصوبے میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مرغیوں کی بجائے چوزوں کی تقسیم ایک ایسے موقع پر کی جا رہی ہے جب خیبر پختونخوا کے 17 اضلا ع میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ جاری ہے جن میں ضلع لکی مروت بھی شامل ہے۔ انتخابات کے دوران اتنی بڑی کرپشن سے پی ٹی آئی امیدواروں کو الیکشن مہم میں شدید مشکلات پیش آئیں گی۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک محمد افضل وزیر سے بات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔ ان کے دفتر سے معلومات کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ کسی سرکاری اجلاس کے سلسلے میں پشاور روانہ ہو چکے ہیں جہاں انہوں نے کل ایک سرکاری اجلاس میں شریک ہونا ہے۔
یاد رہے کہ گھریلو مرغبانی کی اس منصوبے کے سلسلے میں تقریباً دو سال پہلے 14 اکتوبر 2019 کو وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں وزیراعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغبانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ گھریلو مرغبانی کا یہ پروگرام نیشنل ایگرکلچرل ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت آئندہ چار سالوں میں صوبے میں 10 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی، گھریلو مرغبانی کے تحت منصوبے میں دلچسپی لینے والے مستحق افراد میں 10 لاکھ مرغیاں فارم یونٹس کی شکل میں رعایتی نرخوں پر تقسیم کی جائیں گی، ہر فارم یونٹ پانچ مرغیوں اور ایک مرغے پر مشتمل ہو گا، طے شدہ طریق کار کے تحت مستحق خاندانوں کا انتخاب کیا جائے گا اور انہیں پرنٹ میڈیا میں اشتہار کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا جبکہ ہر درخواست گزار پولٹری کے ایک یونٹ (پانچ مرغیوں اور ایک مرغے ) کیلئے 1050 روپے ادا کرے گا، ہر سال تقریباً 40,000 فارم یونٹس تقسیم کئے جائیں گے۔