جرائم

طالبہ سے زیادتی کے الزام میں گرفتار سکول چوکیدار جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پشاور کے ایک سرکاری سکول کے چوکیدار نے مبینہ طور پر ساتویں جماعت کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

پشاور کی مقامی عدالت نے 13 سالہ لڑکی سے زیادتی کے الزام میں گرفتار ہائی سکول کے چوکیدار کو تفتیش کے لیے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

گزشتہ روز جب تھانہ آغا میر جانی شاہ کی پولیس نے گرفتار ملزم میاں ارشد ساکن موسی زئی کو عدالت میں جج کے سامنے پیش کیا تو اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم گورنمنٹ گرلز ہائی سکول قصاب خانہ میں کلاس فور ملازم ہے اور اُس نے ڈیوٹی کے دوران 13 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد متاثرہ لڑکی کی ماں نے ملزم کے خلاف تھانہ میں مقدمہ درج کر دیا،  پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے لہذا ملزم سے تفتیش کی ضرورت ہے۔

عدالت نے پولیس کی جانب سے دائر جسمانی ریمانڈ کو منظور کرتے ہوئے ملزم کو تفتیش کے لیے تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

واضح رہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا گیا ہے تاہم واقعے کی میڈیکل رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button