مردان: جعلی ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری فنانس 3 ساتھیوں سمیت گرفتار
جعلی ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری فنانس خیبر پختون خوا کو تین ساتھیوں سمیت مردان جیل کے اندر سے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق گلبہار پشاور کے رہائشی سہیل خان نامی شخص نے خود کو ڈپٹی سیکرٹری فنانس ظاہر کر کے سنٹرل جیل مردان کے سپرانٹنڈنٹ ریاض مہمند کو فون کر کے بتایا کہ وہ اپنے مہمانوں کے ساتھ جیل میں ایک حوالاتی سے ملاقات کرنے آ رہے ہیں لیکن جب سہیل نامی شخص جیل پہنچے تو سپرانٹنڈنٹ کو بات چیت کے دوران بتایا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری فناس تو خاتون آفیسر ہے جس کا نام نیلم ہے تو جعل ساز سہیل نے بتایا کہ وہ آج کل او ایس ڈی ہے۔
سپرانٹنڈنٹ جیل کو اس پر شک ہوا جس پر اس نے اپنا جعلی کارڈ بھی دکھایا تاہم سپرانٹنڈنٹ ریاض مہمند نے پولیس منگوا لی جنہوں نے جعلی ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری فنانس سہیل کو تینوں ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ملزمان کیخلاف تھانہ شیخ ملتون نے اسسٹنٹ سپرانٹنڈنٹ مردان سنٹرل جیل محمد ارشاد کی مدعیت میں فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔