سٹیزن جرنلزمکھیل

پشاور، ونٹر میڈیا سپورٹس گالا کے دوسرے مرحلے کا آغاز

سٹیزن جرنلسٹ ممانڑہ آفریدی

خیبر پختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ونٹر میڈیا سپورٹس گالا کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اس سلسلے میں پروقار تقریب پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ہائر ایجوکیشن کامران خان بنگش نے مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، نائب صدر نادر خواجہ، جنرل سیکرٹری عمران بخاری، سابق صدر و ممبر گورننگ باڈی ناصر حسین، ممبر گورننگ باڈی عرفان موسیٰ زئی، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے فنانس سیکرٹری و کلب کے ممبر گورننگ باڈی عزیز بونیری، سینیئر صحافیوں فرید اللہ خان، ذوالفقار چترالی، طارق آفاق، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عمران یوسفزئی، فیسٹیول کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین عظمت اللہ، صدر سعد بن اویس، سپورٹس کمیٹی کے اراکین نادر خواجہ، احتشام بشیر، عاصم شیراز، شاہد آفریدی، شکیل الرحمان اور خواتین صحافیوں کی ایک بڑی تعداد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ونٹر میڈیا سپورٹس گالا کے دوسرے مرحلے میں سکواش، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس، آرچری، ووڈ بال اور بیڈمنٹن سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں۔

ونٹر میڈیا سپورٹس گالا میں مجموعی طور پر اٹھارہ ایونٹس میں صحافی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں، ان مقابلوں میں 150 سے زائد صحافیوں کی شرکت اس ایونٹ کی بڑی کامیابی اور کھیلوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں میں صحافیوں کی دلچسپی کی عکاس ہے۔

سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر اعجاز احمد کے مطابق سپورٹس گالا میں ویڈیو جرنلسٹس، فوٹو جرنلسٹس، سپورٹس رائٹرز اور خواتین کی الگ الگ ٹیمیں بنائی گئی تھیں جن کے مابین دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، سپورٹس گالا میں شریک تمام صحافیوں کو ٹریک سوٹ فراہم کئے گئے جبکہ نجی و پیشہ ورانہ مصروفیات یا کسی اور وجہ سے رہ جانے والے صحافیوں کے ناموں کا اندراج کر لیا گیا ہے، انہیں بھی جلد از جلد کٹس فراہم کر دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام آئندہ بھی اس قسم کے ایونٹس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button