بلاگزعوام کی آواز

آپ کے عید کے دنوں میں کون سے خاص کھانے پکائے جاتے ہیں؟

ایزل خان

عیدالاضحی مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے، جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم سنت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی، ایثار اور قربانی کا پیغام لاتا ہے۔ ایک طرف جہاں قربانی کے جانور کو ذبح کرتے وقت آنکھیں نم ہو جاتی ہیں، وہی دوسری طرف اُسی گوشت سے مزے دار پکوان بنانے کا بے صبری سے انتظار بھی ہوتا ہے۔

دنیا کے ہر خطے میں لوگ اس دن کو اپنے اپنے رسم و رواج اور ثقافت کے مطابق مناتے ہیں۔ روایتی کھانے پکائے جاتے ہیں، اور گوشت کے ایک ہی ٹکڑے سے درجنوں منفرد پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔ گھروں میں الگ الگ انداز سے کھانے تیار ہوتے ہیں اور لوگ ایک دوسرے کے گھر عید مبارک کہنے جاتے ہیں۔

آج میں آپ کے ساتھ یہ تجربہ شیئر کرنا چاہتی ہوں کہ ہم افغانی لوگ عیدالاضحی کیسے مناتے ہیں اور ہمارے دسترخوان پر کون سے خاص پکوان ہوتے ہیں؟

سب سے پہلے، ہمارے گھر کے مرد حضرات عید کی نماز کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ نماز کے بعد جب وہ واپس آتے ہیں تو اہل خانہ کے ساتھ عید کی مبارکباد کا تبادلہ ہوتا ہے اور پھر قربانی کا عمل انجام دیا جاتا ہے۔

خواتین اس موقع پر سب سے پہلے کلیجی تیار کرتی ہیں، کیونکہ دوپہر کا کھانا بنانے میں وقت لگتا ہے، اس لیے کلیجی کو پہلے پکایا جاتا ہے تاکہ قربانی میں مصروف مرد حضرات کچھ دیر آرام کے بعد کلیجی کے ساتھ خوشی سے کھانا کھا سکیں۔ اس کے بعد قہوہ پیا جاتا ہے۔

نبی کریم ﷺ کی سنت سے بھی ہمیں کلیجی کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ عیدالفطر کے دن کچھ کھائے بغیر گھر سے نہ نکلتے، جبکہ عیدالاضحی کے دن نماز کے بعد ہی کچھ تناول فرماتے اور قربانی کے جانور میں سے کلیجی کھاتے۔

دوپہر کے کھانے میں عموماً سیخ کباب یا سیخ بوٹی تیار کی جاتی ہے۔ اس کی دو بڑی وجوہات ہوتی ہیں: ایک تو گھر کے تمام افراد قربانی کے بعد تھکے ہوتے ہیں، اور یہ پکوان جلدی تیار ہو جاتا ہے۔ دوسری یہ کہ بعض افراد کلیجی نہیں کھاتے، تو ان کے لیے یہ بہترین متبادل ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، تازہ گوشت سے تیار کئے گئے سیخ کباب کا ذائقہ لاجواب ہوتا ہے، جو فریج میں رکھنے کے بعد باقی دنوں میں ممکن نہیں رہتا۔

عید کے دوسرے دن ہمارے ہاں اکثر کابلی پلاؤ پکایا جاتا ہے، جو افغانستان کا ایک مشہور روایتی کھانا ہے اور پاکستان، افغانستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پسند کیا جاتا ہے۔ رشتہ دار اور دوست احباب کو مدعو کیا جاتا ہے، اور سب مل کر عید کی خوشیوں کو مزید بڑھاتے ہیں۔

اسی طرح، منتو بھی ہمارے روایتی کھانوں میں سے ایک ہے، جو خصوصی مواقع پر بنایا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی کافی مقبول ہے۔ یہ کھانا محنت سے تیار کیا جاتا ہے، لیکن اس کا ذائقہ اس کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے۔

شامی کباب اور کڑاہی بھی ہمارے عید کے دسترخوان کی زینت ہوتے ہیں۔ یہ سب ہمارے کلتوری اور خاندانی روایات کا حصہ ہیں، جو نسل در نسل چلی آ رہی ہیں اور ہم انہیں محبت، خلوص اور فخر کے ساتھ نبھاتے ہیں۔

یہی ہماری روایات اور ثقافت کی خوبصورتی ہے، یہی ہماری شناخت ہے۔ میرا پیغام ہے کہ ہم اپنی ان چھوٹی چھوٹی روایات کو زندہ رکھیں کیونکہ یہی ہمیں ایک مضبوط شناخت عطا کرتی ہیں۔

آخر میں، میری طرف سے آپ سب کو عیدالاضحی کی بہت بہت مبارکباد! خوش رہیں، سلامت رہیں، اور ہمیں بھی ضرور بتائیں کہ آپ کے عید کے دنوں میں کون سے خاص کھانے پکائے جاتے ہیں؟

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button