بلاگزعوام کی آواز

سوشل میڈیا کے فالوورز نہیں بڑھ رہے؟ وجہ جانیں اور غلطیاں سدھاریں

آج کے دور میں اکثر لوگ یہ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کے لیے کچھ بھی ٹھیک نہیں ہو رہا۔ وہ کسی کام کی شروعات جوش و خروش سے تو کر لیتے ہیں، لیکن جب جلد نتائج نہیں ملتے تو اُسے چھوڑ کر کوئی اور کام شروع کر دیتے ہیں۔ یوں وہ الجھن، بکھری ہوئی سوچوں اور مایوسی کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔ وہ یہ نہیں سمجھ پاتے کہ مسئلہ خیال یا منصوبے میں نہیں بلکہ مستقل مزاجی اور صبر کی کمی میں ہے۔

ہم ایک ڈیجیٹل دور میں جی رہے ہیں جہاں سوشل میڈیا ہماری روزمرہ زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔ آج تقریباً ہر شخص نے کبھی نہ کبھی یوٹیوب، انسٹاگرام، ٹک ٹاک یا فیس بک پر اکاونٹ بنانے کی کوشش ضرور کی ہے۔ جن کا خواب ایک ہی ہوتا ہے: زیادہ فالوورز حاصل کرنا، وائرل ہو جانا اور کمائی شروع کرنا۔ لیکن بہت کم لوگ یہ سمجھتے ہے کہ درحقیقت اس مقام تک پہنچنے کے لیے کیا کرنا درکار ہوتا ہے۔ اکثر لوگ دوسروں سے ترکیبیں، شارٹ کٹس اور "ٹپس اینڈ ٹرکس” مانگتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر کامیاب لوگوں کی نقل کریں گے تو وہ بھی کامیاب ہو جائیں گے۔ یہی سوچ اکثر ناکامی کی سب سے بڑی وجہ بنتی ہے۔

ہم روز دیکھتے ہیں کہ لوگ دوسروں سے یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے یا سوشل میڈیا فالو کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ وہ اصل میں معیاری اور دلچسپ مواد بنانے کے بجائے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو قائل کرنے میں زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔ حالانکہ مدد مانگنے میں کوئی حرج نہیں، لیکن یہ حکمتِ عملی بہتر نہیں ہے۔ صرف دوسروں کی سپورٹ یا الگورتھم کو "چالاکی” سے ہرانے کی کوشش آپ کو کامیابی تک نہیں لے جا سکتی۔ بلکہ اکثر یہ کوشش اس وقت مایوسی میں بدل جاتی ہے جب نتائج وہ نہیں آتے جن کی ہم توقع کر رہے ہوتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر کامیابی کے لیے کوئی جادوئی نسخہ نہیں۔ نہ کوئی فوری وائرل ہونے کا ہنر، نہ کوئی خفیہ فارمولا ہے۔ یوٹیوبر، انفلوئنسر کو کامیابی کے لیے وقت، محنت اور سب سے بڑھ کر مستقل مزاجی چاہیئے ہوتی ہیں۔ زیادہ تر لوگ چند ویڈیوز یا پوسٹس ڈال کر ہمت ہار جاتے ہیں کیونکہ وہ فوری نتائج چاہتے ہیں۔ لیکن سوشل میڈیا جلد بازی کو نہیں بلکہ وقت کے ساتھ مسلسل دی گئی قدر کو انعام دیتا ہے۔

مگر کچھ لوگ سوشل میڈیا سے بہت پیسے کماتے ہیں، بعض تو ہر ماہ ہزاروں ڈالر کما رہے ہیں۔ لیکن ہم یہ نہیں دیکھتے کہ اس کامیابی کے پیچھے کتنا وقت، محنت اور قربانیاں چھپی ہوتی ہیں۔ یہ کامیاب افراد ایک دن میں لاکھوں فالوورز کے ساتھ نہیں جاگے۔ وہ مہینوں بلکہ برسوں تک سیکھتے رہے، تجربات کرتے رہے، ناکام ہوتے رہے، بہتری لاتے رہے اور وہ بھی تب جب ان کا کوئی ناظر نہیں تھا۔ انہوں نے تب بھی مسلسل کام کیا جب کوئی انہیں نہیں دیکھ رہا تھا۔ یہی مستقل مزاجی آخرکار کامیابی لاتی ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا یوٹیوب چینل ترقی کرے تو آپ کو ایک واضح منصوبہ درکار ہے۔ سب سے پہلے، وہ موضوع چُنیں جس میں آپ کو دلچسپی ہو۔ اپنے ناظرین کو سمجھیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ باقاعدگی سے ویڈیوز اپلوڈ کریں، روزانہ یا ہفتہ وار بنیادوں پر۔ آپ کے مواد کا معیار بھی اہمت رکھتا ہے۔  کیا یہ فائدہ مند ہے؟ دلچسپ ہے؟ سچا اور خالص ہے؟ کیا آپ واقعی کسی کی زندگی میں بہتری لا رہے ہیں؟، یہ سب سوالات اور انکے جوابات ہی کامیابی کا حل ہیں۔

اپنے ناظرین کے ساتھ رابطہ قائم کرنا، پلیٹ فارم کے کام کرنے کا طریقہ سیکھنا، ایڈیٹنگ کے ہنر کو بہتر بنانا، وقت کے ساتھ اپنے آلات کو اپ گریڈ کرنا اور سب سے بڑھ کر صبر رکھنا، یہ سب کامیابی کے عمل کا حصہ ہیں۔ کئی مواقعوں پر آپ کا ہار ماننے کو دل کرے گا، خاص طور پر جب ویوز کم ہوں اور سبسکرائبرز نہ بڑھ رہے ہوں۔ لیکن اگر آپ ان مشکل لمحات سے نکل گئے، تو آگے ترقی ضرور ہوگی۔

یاد رکھیں، اصل کامیابی شارٹ کٹس پر نہیں بلکہ صبر، مستقل مزاجی اور سخت محنت پر مبنی ہوتی ہے۔ آج کچھ شروع کر کے کل نتائج کی توقع نہ رکھیں۔ اس کے بجائے، سفر کے لیے خود کو وقف کریں، توجہ مرکوز رکھیں اور اپنے جذبے کی پیروی کریں۔ سوشل میڈیا ان لوگوں کو انعام دیتا ہے جو بار بار خود کو ثابت کرتے ہیں، چاہے کوئی دیکھ رہا ہو یا نہ ہو۔

لہٰذا اگر آپ نے کچھ شروع کیا ہے، تو اُسے ادھورا نہ چھوڑیں۔ بار بار راستہ مت بدلیں۔ اپنے منصوبے پر قائم رہیں، اپنے مواد کو بہتر بنائیں اور اسے وقت دیں۔ کامیابی lملے گی، فوراً نہیں، مگر ضرور ملے گی۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button