فرشی شلوار یا جدید فیشن؟ عید پر خواتین کی پہلی پسند کیا ہوگی؟

سعدیہ بی بی
بچے بڑے اور بالخصوص خواتین کو عید کی آمد سے قبل ہی عید کی تیاریوں کی فکر لاحق ہو گئی ہے کہ آخر اس مرتبہ کیسا لباس تیار کرایا جائے جو منفرد ہونے کیساتھ جاذب نظر لگے۔ یہاں ہم آپ کی اس پریشانی کا ایک آسان حل کے کر آئے ہیں، اگر آپ بھی سوشل میڈیا پر فعال ہیں تو ان دنوں ہر جانب دھوم مچاتا وائرل ٹرینڈ ” فرشی شلوار ” کا نام تو ضرور ہی سنا ہوگا، جس پر ڈیزائنرز کیا، برینڈز اور فیشن کے شوقین افراد سبھی بات کر رہے ہیں اور اب اس شور کے بعد ایسا لگنے لگا ہے کہ جیسے ماضی کے اس فیشن کو جان بوجھ کر دوبارہ متعارف کروایا جا رہا ہوں کیونکہ کئی سالوں سے تو "اسٹریٹ پینٹس، کلوز، اور فلیپرز” کا ہی تو راج تھا۔
پاکستانی اور جنوبی ایشیائی فیشن میں ہمیشہ سے مختلف روایتی لباس کی اہمیت رہی ہے، اور ان میں سے ایک معروف لباس "فرشی شلوار” ہے، جو آج کل عید کی کلیکشن میں ایک نیا ٹرینڈ بن چکا ہے۔ فرشی شلوار کا بخار پاکستانی عوام پر سوار ہے، عید 2025ء پر یہ سب سے بڑا فیشن ٹرینڈ بن گیا ہے۔ اگراس سیزن میں پاکستانی فیشن انڈسٹری میں کسی ایک ٹرینڈ نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے، تو وہ ہے فرشی شلوار۔
فرشی شلوار برصغیر کی خواتین کا ایک شاہانہ لباس تھا جو بیسویں صدی تک خاص طور پر مسلم خواتین میں بے حد مقبول رہا ہے۔ فرشی شلوار ایک روایتی جنوبی ایشیائی لباس ہے، جو اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ اس کا تاریخی پس منظر” مغلیہ دور” سے جڑا ہے۔ فرشی شلوارکا نام فارسی لفظ فرش سے لیا گیا ہے، جس کا مطلب زمین ہے، کیونکہ یہ خاص شلوار اتنی لمبی ہوتی ہے کہ زمین پر جھاڑو دیتی محسوس ہوتی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ رجحان اس وقت کچھ عرصے کے لیے ہی مقبول ہوا تھا اس کے بعد اپنی پہچان کھو بیٹھا، کیونکہ یہ خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو زیادہ بھاتا ہے اسے لئے کئی معمر خواتین کا ماننا تھا کہ یہ فیشن خاص طور پر لمبی اور دبلی پتلی خواتین پر ہی جچتا ہے۔
فرشی شلوار ایک ایسی وسیع اور کشادہ شلوار ہے جو پاؤں کے نیچے سے کھلی ہوتی ہے اور زمین تک پھیلتی ہے، اس کا مقصد پہننے والے کو زیادہ آرام اور آزادی فراہم کرنا ہوتا ہے۔ فرشی شلوارکی تاریخ جنوبی ایشیا کے قدیم دور سے جڑی ہوئی ہے، جب دیہاتی خواتین یا کسان اس لباس کو روزمرہ کے کاموں میں سہولت کے لیے پہنتی تھیں۔ یہ زمین پر بیٹھنے، چلنے اور کام کرنے میں آسانی فراہم کرنے کے لیے تیار کی جاتی تھی۔
آج کل یہ روایتی شلوار دوبارہ فیشن کا حصہ بن چکی ہے، خصوصا عید الفطر کے موقع پر۔ اب یہی پرانی روایت ایک نئے انداز میں فیشن کی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔ تاہم اب صدیوں گزرنے کے بعد ایک بار پھر اس فیشن نے اپنی دھاک بٹھانا شروع کر دی ہے جس کی سحر میں عام عوام سمیت شوبز فنکارائیں بھی مبتلا ہیں اور دلچسپ پوسٹس شیئر کرتی نظر آرہی ہے۔ یہ ٹرینڈ اتنا عام ہو چکا ہے کہ اس کے بخار سے مرد حضرات بھی خود کو بچا نہیں سکے، فرشی شلوار کو اب مردوں کی جانب سے بھی پہنا جا رہا ہے۔
فرشی شلوار ٹرینڈ کے ساتھ سوشل میڈیا صارفین کا زبردست ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں کچھ لوگ اسے عید کا بہترین فیشن قرار دے رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ زبردستی کا ٹرینڈ ہے، جو برانڈز اور ڈیزائنرز نے مصنوعی طور پر مقبول کیا ہے، تاہم بہت سے لوگ اسے پسند نہیں کر رہے ہیں اور اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔