بلاگزعوام کی آواز

زندگی آسان نہیں مگر اسے آسان بنانا پڑتا ہے، لیکن محنت شرط ہے

ایزل خان

اللہ تعالیٰ نے کسی انسان کو بغیر کسی صلاحیت کی پیدا نہیں کیا، کامياب زندگی گزارنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے ہر انسان میں کوئی نہ کوئی صلاحیت اور خوبی رکھی ہے۔ اچھی اور کامیاب زندگی گزارنے کے لیے ہر انسان کے ذہن میں اہداف اور مقاصد ہوتے ہیں اور وہ ان کی تکمیل کے لیے مسلسل جدوجہد کرتا رہتا ہے۔

اسی طرح میں ہر سال اپنے لیے گولز کا انتخاب کرتی ہوں اور ان کے حصول کے لئے ایک نہ رکنے والا سفر شروع کرتی ہوں۔ سال 2023 ختم ہوتے ہی میں نے نئے سال میں اپنے لیے مختلف گولز کا انتخاب کیا تھا کہ 2024 میں، میں ان گولز کو ضرور حاصل کروں گی۔

کیونکہ میں زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنے اور چیلنجز کو قبول کرنے، خطرات مول لینے کو اس طرح بیکار بیٹھنے پر ترجیح دیتی ہوں۔ آج میں آپ کے ساتھ وہ تمام اہداف شیئر کرنا چاہتی ہوں جو میں نے 2024 کے لیے اپنے لیے منتخب کیے تھے اور میں نے اب تک ان پر کتنا کام کیا ہے۔

جب 2023 ختم ہو رہا تھا تو میں نے اپنے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ 2024 میں، میں اپنے مستقبل اور خود کو بہتر بنانے میں 2023 سے بہتر کام کروں گی۔ میں نے اپنے لیے مختلف مقاصد کا انتخاب کیا جن میں ویڈیو ایڈیٹنگ کورس مکمل کرنا، بی ایس انگلش میں داخلہ لینا، ایک بہتر کمپوزر بننا اور بہتر بلاگر بننا شامل تھا۔

جب میں نے اپنے ذہن میں یہ اہداف سوچے تو میں نے ان کی معلومات تلاش کرنا شروع کی۔ کہ جس سے مجھے بہترین ایڈیٹنگ کلاسز اور B.S میں داخلہ مل سکے۔ چونکہ میں ایک گھریلو خاتون ہوں، مجھے باہر کلاس لینے کی اجازت نہیں تھی اور میں اس بات سے مطمئن نہیں تھی۔ میں نے اپنی تعلیم شادی سے پہلے مکمل کر لی تھی اور میں نہیں چاہتی تھی کہ شادی کے بعد مجھے بھی عام خواتین کی طرح گھر کے کام کاج اور بچوں کو سنبھالنا چاہیئے اور اپنی زندگی کے مقاصد اور کامیابی کو اپنے پیچھے رکھنا چاہیئے۔

اس لیے میں نے وقت ضائع کرنے اور بہانے بنانے کی بجائے آن لائن کلاسز کا انتخاب کرنے کی کوشش کی۔ میری پوری کوشش تھی کہ بہترین یونیورسٹی سے آن لائن کلاسز حاصل کرو جب میں نے یہ تمام معلومات کی تو میں نے اپنے گھر میں یہ بات شیئر کی کہ یہ میرا منصوبہ ہے، میں داخلہ لینا چاہتی ہوں، مگر مجھے داخلہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی، مجھے بتایا گیا کہ آن لائن کلاسز جھوٹ اور وقت کا ضیاع ہے۔

پھر میں خاموش ہو گئی اور اکیلے رسک لینے کا سوچا، میں نے داخلہ لینے کے لیے اپلائی کر دیا۔ میرے پاس میرے ذاتی پیسے نہیں تھے اور میں اپنی فیمیلی سے  پیسے لینا نہیں چاہتی تھی۔ میں اس عرصے میں بکس کمپوزنگ بھی کر رہی تھی لیکن مجھے ابھی تک وہ رقم نہیں ملی تھی جیسے ہی مجھے رقم ملی، میں نے اپنا داخلہ کر لیا۔

ہر ماہ فیس ادا کرنے کے لیے میں نے مسلسل کام کرنا شروع کر دیا اور اپنی ضروریات کو کم کر دیا۔ میں نے اپنی روزمرہ کی زندگی کا ٹائم ٹیبل تبدیل کر دیا تھا کہ میں 9 یا 10 بجے جاگا کرتی تھی۔ میں نے یہ عادت بنا لی کہ صبح جلدی اٹھنا اور رات کو جلدی سونا اور اس کے ساتھ ساتھ میں نے اپنی کوششیں جاری رکھی کہ اس سال کا حدف مکمل ہو جائے۔

یہ سب کرنا آسان نا تھا، ایک تو یہ کہ میں نے چھپ کر یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور دوسری بات یہ کہ گھر والوں کی طرف سے میری مالی مدد بھی نہیں کی جا رہی تھی۔

مجھے ذہنی طور پر مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا، میں بہت متاثر ہوئی کیونکہ میں صبح سویرے اٹھتی، گھر کا سارا کام  ختم کرتی، پھر کلاس لیتی، اور اس کے بعد میں ایڈیٹنگ کی کلاس لیتی تھی۔ اور اس کے ساتھ میں بکس کمپوزر کے طور پر بھی کام کر رہی تھی۔ کیونکہ میرے بچپن سے ہی بڑے گولز اور مقاصد تھے، کہ مجھے اس زندگی میں کچھ کرنا چاہیئے، مجھے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیئے۔

اس دوران مجھے بلاگ لکھنے کی پیشکش ہوئی تو میں نے اسے قبول کر لیا۔ یہ میرے لیے ایک چیلنج تھی، یہ میرے لیے آسان نہیں تھی، لیکن ناممکن بھی نہیں تھا۔ مگر یہ کام بھی آسن نہ تھا کیونکہ اردو میری مادری زبان نہیں ہے اور کام کی شروعات میں میرے کافی سارے بلاگز کو شائع نہیں کیا گیا مگر میں نے ہمت نہیں ہاری اور کام جاری رکھا۔

میرا سب لوگوں کو یہی مشورہ ہے کہ اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ ہونے کی کوشش کریں، سوچیں اور اپنے مقاصد کو اپنے لیے واضح کریں۔ اور پھر اپنے اہداف کے لیے سخت محنت کرتے رہیں اگر آپ کے خاندان یا دوست آپ کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے حوصلہ افزائی نہیں کرتے ہیں تو یہ مت سوچیں کہ ہو سکتا ہے کہ ہم غلط ہوں یا ہمارا مقصد غلط ہے۔

یہی وہ وقت ہوتا ہے جو آپ کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے، آپ زندگی کی بلندیوں پر پہنچتے ہیں اور سارا وقت اپنے لیے بہتر مستقبل کے لیے استعمال کرتے ہیں۔لیکن اپنے اہداف کے لیے مستقل مزاج رہیں، وقت کی پابندی کریں، صبح جلدی اٹھیں، شام کو جلدی سو جائیں، اور دن کے وسط میں اپنے مقاصد کے لیے سخت محنت کریں۔ اپنے مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کو دوسروں سے خفیہ رکھیں اور خاموشی سے اپنی محنت جاری رکھیں، خطرات مول لینے اور چیلنجز کو قبول کرنے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

اللہ سے اپنا تعلق مضبوط کریں، بس اللہ سے ہر چیز مانگیں اور اسی سے اپنی کامیابی کی دعا کرے۔ اپنے لیے نوکری خود تلاش کرنے کی کوشش کریں اور اپنی خواہشات اور گولز کو پورا کرنے کے لیے اپنے خاندان کے پیسوں کا آسرا نہ کریں۔ اگر آپ کے خاندان کے پاس بہت کچھ ہے تو اپنے آپ کو آزمانے اور اپنے آپ کو مضبوط بنانے کے لئے خود پر کام کریں اور زندگی کی سختیوں کی عادت ڈالیں۔

کیونکہ اس سے آپ کی خود اعتمادی اور عزت نفس میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہر سال اپنے اہداف لکھنے کی کوشش کریں اور پھر ان کے حصول کے لیے کام کریں۔ وہ شخص جس کی زندگی میں اہداف نہیں ہوتے وہ مردہ انسان کی طرح ہوتا ہے کہ وہ نہ اپنی زندگی سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور نہ دوسروں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔

Show More
Back to top button