کیا آپ کھانا کھانے کے بعد سو جاتے ہیں؟ کھانے کے فورا بعد سونے کے مضر اثرات
سعدیہ بی بی
ہمارا جسم ایک قدرتی نظام پر چلتا ہے۔ ماضی میں انسان جلد ہی اپنے دن کے کام کر کے فارغ ہو جاتے تھے اور اپنے دن کا آخری کھانا غروب آفتاب کے قریب کھاتے تھے ۔ اگرچہ آج کل یہ غیر روایتی ہی معلوم ہوتا ہے ۔ آج کل لوگوں کا لائف سٹائل اس قدر بگڑ چکا ہے کہ وہ اپنی صحت پر بھی مناسب توجہ نہیں دے پا رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے انہیں کئی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایسی ہی ایک غلطی کھانے کے فورا بعد سونا ہے ۔ بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ ایسا کرنے سے ہمارا جسم آہستہ آہستہ سست ہونے لگتا ہے اور بعد میں بیماریوں کا گھر بن جاتا ہے۔
اکثر یہی دیکھا جاتا ہے کہ ہم اگر کسی کے گھرمہمان بن کرجائیں ۔ تو ہماری آنکھوں کے سامنے پہلا منظر ہی یہی ہوتا ہے کہ کھانے کے برتن دسترخوان پر پڑے نظر آتے ہیں اور گھر کا فرد اسی دسترخوان کے قریب سویا ہوا نظرآتا ہے ۔ کیا ایسا کرنا ٹھیک ہے ؟ آئیے جانتے ہیں کہ کھانے کے فورا بعد سونے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ کھانا کھانے کے فوری بعد سونے یا لیٹنے سے موٹاپا ہو سکتا ہے کیونکہ نیند کے دوران میٹابولزم کا عمل سست ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں موجود کیلوریز فیٹ میں تبدیل ہو جاتی ہیں اور وزن تیزی سے بڑھنے لگتا ہے۔
کھانے کے فورا بعد سونے سے معدے کے عمل اور نظام ہاضمہ پر برا اثر پڑتا ہے جس کی وجہ سے نظام انہضام کمزور ہو جاتا ہے اور کھایا ہوا کھانا ہضم نہیں ہو پاتا اور گیس ، تیزابیت ، قبض ، پیٹ درد جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اگر آپ کھانا کھانے کے فورا بعد سو جاتے ہیں تو اس سے سینے میں جلن ہو سکتی ہے ۔ جس کی وجہ سے آپ کی رات کی نیند بے سکون ہو سکتی ہے ۔ اس کے ساتھ آپ کو بدہضمی اور پیٹ کے خرابی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ کھانے کے فورا بعد سو جانے سے جسم میں گلوکوز کی مقدار بڑھنے کا خطرہ رہتا ہے ۔ اس کی وجہ سے شوگر کی سطح زیادہ ہو سکتی ہے ۔ جس کی وجہ سے زیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔
تاہم بہت سے لوگ رات گئے تک غیر صحت بخش غذائیں کھاتے ہیں، مثال کے طور پر فرائز، کوکیز، ڈونٹس، پیزا برگر وغیرہ ۔ رات کے کھانے کے چند گھنٹے بعد اگر آپ کو بھوک لگی ہے تو ان غذاؤں کو کھانے سے اجتناب کریں جن میں کیلوریز کی مقدار زیادہ ہو۔ مثال کے طور پر ان میں چاکلیٹ ، ٹماٹر سے تیار کی گئی اشیاء، ڈیری مصنوعات، کولڈ ڈرنک، کافی اور فرینچ فرائیز شامل ہیں۔
رات کو ایسی غذائیں کھا کر سونے سے موٹاپے میں اضافہ اور بدہضمی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ رات کو کھانا کھانے کے چند گھنٹے بعد بھی بھوک محسوس کر رہے ہیں تو ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال کریں، ایسی غذائیں کھائیں جو آسانی سے ہضم ہو جائیں۔ جن میں کیلوریز بھی کم ہوں اور جن کھانوں میں پروٹین بھی موجود ہو ۔ مثال کے طور پر انڈے، کیلے، بادام، مچھلی، اخروٹ اور شہد وغیرہ کھانے سے رات کو پرسکون نیند آسکتی ہے۔
عام طور پر ڈاکٹرز یہ مشورہ دیتے ہیں کہ رات کو کھانے کے بعد دو سے تین گھنٹے تک سونے سے گریز کریں ۔ اسی لیے کوشش کریں کہ کھانا کھانے کے بعد کم از کم آدھا گھنٹہ چہل قدمی کریں اور سونے سے کم از کم تین گھنٹے پہلے کھانا کھائیں ۔ اپنے کھانے اور سونے کے وقت کے درمیان تین گھنٹے کا وقفہ رکھیں ۔ رات کا کھانا 8 بجے تک کھا لیں تاکہ کھانے کو ہضم ہونے کے لیے وقت ملے ۔