بلاگزعوام کی آواز

سیاحت کے بیشمار فوائد مگر سیاح مقامی آبادی کے لئے ایک مصیبت بن گیا

آمینہ سلارزئی

ہم سب جانتے ہیں کہ سیاحت کے بے شمار فوائد تو ہیں، لیکن کچھ لوگ اپنے لئے تو فائدہ مند ہوتے ہیں لیکن دوسروں کے لئے مصیبت بن جاتے ہیں۔ ہاں یہ بات سچ ہے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو سیر و تفریح میں مقامی لوگوں کے تحفظات کا بالکل بھی خیال نہیں رکھتے۔ حال ہی میں ایسا کچھ سپین نامی ملک میں دیکھنے کو ملا، وہاں کے لوگ غیر ملکی سیاحوں کے غیر مناسب رویے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔

سپین کے جزیرے مینورکا میں واقع بنی بیکاویل گاؤں نہایت خوبصورتی کا حامل ہے نیلا سمندر اور سفید دیواروں والے گھر سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز بنا ہوا ہے۔ بنی بیکاویل کے لوگ غیر ملکی سیاحوں پر پابندی لگانے پر غور کر رہے ہیں۔ سپین کے مقامی لوگ ان غیر ملکی سیاحوں کے خلاف سراپہ احتجاج ہیں۔ وہاں ہزاروں ہسپاوانی شہریوں نے سپین کے دارحکومت پالما ڈی میلورکا کہ سڑکوں پر احتجاج کیا تھا اور مظاہرین نے پلے کارڈ پر کچھ یوں لکھا تھا "آپ کے لیے تعیش کی جگہ ہمارے لیے مصیبت کا مقام بن گیا” ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق احتجاجیوں کا ماننا ہے کہ ہمارا گاؤں کا ایک امن پسند علاقہ ہے جبکہ غیر ملکی سیاحوں نے یہاں کے امن و امان کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سیاح ان کے گھروں میں گھس کر ان کی چیزیں استعمال کرتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید شکایت کی کہ سیاح رات دیر تک اپنی تقریبات جاری رکھتے ہیں اور شور شرابہ کرتے ہیں جس کے باعث ہم سکون سے نہیں رہ پاتیں ۔

سیاحوں کی بہت بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے وہاں کے روزمرہ اخراجات اور رہائشی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ اب وہاں کے مقامی لوگوں نے سٹیک ہولڈرز کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ہیں، کہ سیاحوں کو صبح 11 بجے سے لے کر رات 8:30 بجے تک گاؤں میں آنے کی اجازت ہوگی، بصورت دیگر ان پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔

کیا یہ مسئلہ صرف سپین کے لوگوں کو درپیش ہے؟

جی نہیں یہ مسئلہ دنیا کے بیشتر ممالک خاص کر پاکستان میں بھی پیش آیا ہے۔ اور یہ مسئلہ بہت بڑا ہے اور اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔ اس کا مناسب حل نکال کر ہی پر امن سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ہمارے اپنے ملک پاکستان میں بھی اس قسم کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ۔

افسوس سیاحوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اس قسم کے واقعات کو جنم دے رہا ہے۔ ہمارے ہاں اکثر سیاحتی مقامات میں توڑ پھوڑ اور جگہ جگہ پھینکے ہوۓ گند کے ڈھیر نظر آتے ہیں جو قدرتی خوبصورتی کو بگاڑ کر رکھ دیتے ہیں اس کے علاوہ بے تحاشہ پلاسٹک پھینکنے کی وجہ سے قدرتی ماحول اور پانی کو آلودہ کیا جارہا ہے۔

جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں سیاحت صحت افزائی اور ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے سفر کرنے کا ایک بہترین عمل ہے۔ دوران سفر انسان قدرتی نظاروں اور دل کش مناظر سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ عالمی سیاحت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو سیاحت کے بے شمار فائدے ہیں اس سے سیر و تفریح کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی اور ملکی اقتصاد کو بھی فائدہ پہنچتا ہے، اور لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

سیاحت کی وجہ سے لوگوں کو مختلف روایات اور دوسروں کو دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ سیاحت کی بدولت ہی لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آتی ہے کیونکہ ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھتے ہیں، اور ان میں روایتی اگاہی بڑھتی ہے۔ اس کے علاوہ زندگی میں روزمرہ کے کاموں کو انجام دینے کے لیے مختلف اور آسان طریقے دریافت کیے جاتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق سیر و تفریح کرنے سے ذہنی دباؤ اور دل کا دورہ پڑ نے کے امکانات میں کمی ہوتی ہے اور یہ انسان کے تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتی ہے۔

حکومت کو سیاحتی مقامات محفوظ بنانے کے لیے قواعد و ضوابط لاگو کرنا انتہائی ضروری ہے، اور سیاحوں کو بھی ذمہ دار شہریوں کا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ پُر امن سیاحت تب ہی ممکن ہے جب سیاح آپنے فائدے کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات کے تحفظات کا بھی خیال رکھیں۔

Show More
Back to top button