بلاگزعوام کی آواز

تعلیم کے ساتھ ساتھ سافٹ سکلز سیکھنا کتنا ضروری ہے؟

رعناز

پہلے پہل پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ان ممالک میں ہوتا تھا جہاں پر تعلیم کی بہت زیادہ کمی تھی۔ اب وقت کے ساتھ ساتھ ترقی ہو رہی ہے اور تعلیم عام ہوتی جا رہی ہے۔ میں یہ سمجھتی ہوں کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف سکلز کو سیکھنا بھی بہت زیادہ ضروری ہے۔ جتنا تعلیم کا حاصل کرنا ضروری ہے بالکل اسی طرح سکلز بھی نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔

مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سکلز سیکھنے کو بہت کم اہمیت دی جاتی ہے۔ ہمارے ملک میں 16 سے 18 سال تعلیم میں تو صرف کئے جاتے ہیں مگر یونیورسٹی سے باہر جا کر پھر نوکری ملنا بہت زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ کوئی ایم فل ہوتا ہے تو کوئی پی ایچ ڈی اور کسی کے پاس ماسٹرز کی ڈگری ہوتی ہے۔ مگر افسوس کہ انہیں نوکریاں نہیں ملتی۔ ان کی آدھی زندگی تعلیم میں گزر جاتی ہے اور آدھی زندگی اپنی ڈگریز کی فوٹو سٹیٹ کروانے میں۔

کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ نوکری نہ ملنے کی وجوہات کیا ہے؟ میرا تو ماننا یہ ہے کہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ملک کے کالجز اور یونیورسٹیز میں صرف کتابوں پر ہی فوکس کیا جاتا ہے لیکن وہاں سکلز نہیں سکھائے جاتے۔ جیسے کہ کمیونیکیشن سکلز، سی وی رائٹنگ سکلز ،خود اعتمادی کی مہارت، دوسروں کے سامنے بولنے کی مہارت وغیرہ وغیرہ۔ اگر نصاب کے ساتھ ساتھ ان سکلز اور ان جیسی اور لائف سکلز پر توجہ دی جائے تو یہ نوکری نہ ملنے کے مسئلہ کو کافی حد تک کم کر سکتی ہے۔

اب آپ بھی سوچ میں پڑ گئے ہوں گے کہ سکلز کا نوکری حاصل کرنے سے کیا تعلق ہے؟ آیئےآپ کو بتاتی چلوں۔

مثال کے طور پر اگر یونیورسٹی میں سی وی رائٹنگ سکل کے بارے میں کلاسز ارینج کئے جائیں اور سٹوڈنٹس کو یہ سکھایا جائے کہ ایک اچھی سی وی کس طرح بنائی جاتی ہے۔ تو یقینا وہ سٹوڈنٹس جب یونیورسٹی سے فارغ ہو کے اپنے لیے نوکری ڈھونڈیں گے تو وہ اپنے لیے ایک اچھی سی وی بنا پائے گے اور کسی اچھی جگہ نوکری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ زیادہ تر ہم دیکھتے ہیں کہ لوگوں کو سی وی بنانا نہیں آتا اور بس ایسے ہی عام سی سی وی بنا لیتے ہیں جس پر وہ نوکری کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکتے۔

آیئے چلتے ہیں  دوسری مثال کی طرف۔ زیادہ تر لوگوں کا یہ مسئلہ ہوتا ہے کہ ان کی کمیونیکیشن سکلز بہت زیادہ کمزور ہوتی ہیں۔ ان میں خود اعتمادی کی کمی ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ اپنی بات دوسروں تک اچھے طریقے سے پہنچا نہیں کر سکتے۔  اس لیے جب وہ کسی انٹرویو میں بیٹھتے ہیں اور ان سے مختلف قسم کے سوالات کئے جاتے ہیں تو پھر وہ ان سوالات کے جوابات دینے کے قابل نہیں ہوتے جس کی وجہ سے انہیں نوکری نہیں ملتی۔

دنیا میں ایسے بہت سارے ممالک ہیں جیسے کہ چائنہ، جاپان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، جرمنی، ڈنمارک، فنلینڈ اور سنگاپور۔ اگر ہم دیکھیں اور سوچے تو یہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک ہے۔ یہاں پر تعلیم کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹس کو مختلف قسم کی سافٹ سکلز بھی سکھائی جاتی ہیں کیونکہ جتنی تعلیم ضروری ہے بالکل اتنا ہی سکلز سیکھنا بھی ضروری ہے۔ اگر ایک بندے کے پاس بڑی سے بڑی ڈگری ہی کیوں نہ ہو لیکن اگر اس کے پاس سکلز خاص کر کے کمیونیکیشن سکلز نہ ہوں تو وہ کبھی بھی آگے نہیں جا سکتا۔ کوئی اچھی نوکری حاصل نہیں کر سکتا۔

اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ہر تعلیمی ادارے میں تعلیم کے ساتھ ساتھ سکلز دینے کی بھی کلاسز ہو۔ سٹوڈنٹس کو اس بات سے آگاہ کرنا چاہیئے کہ ان کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ سکلز کا ہونا کتنا ضروری ہے۔ سٹوڈنٹس کو خود بھی چاہیئے کہ وہ اپنی سکلز پر کام کرے اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سٹوڈنٹس کو مختلف سکلز کی کلاسز مہیا کریں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button