بلاگزعوام کی آواز

جنریشن زی: ٹیکنالوجی سے آراستہ مگر حقیقت پسند، جنریشن زی ہے کون؟

سندس بہروز

1900 سے لے کر 2024 تک پیدا ہونے والے انسانوں کو ان کے پیدائش کے سالوں کے مطابق مختلف  جنریشنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 1928 سے پہلے پیدا ہونے والے لوگوں کو دی گریٹسٹ جنریشن کہا جاتا ہے۔

جبکہ 1928سے 1945 کے درمیان پیدا ہونے والے لوگ سائلنٹ جنریشن کے نام سے مشہور ہے۔ بے بی بوم جنریشن ان لوگوں کو کہا جاتا ہے جو 1946 اور 1964 کے درمیان پیدا ہوئے۔ اس کے بعد جنریشن ایکس کی باری آتی ہے جو کہ 1965 سے 1980 تک کے زمانے میں پیدا ہوئے۔ ملینیلز وہ جنریشن ہے جو 1980 اور 1996 کے درمیان پیدا ہوئے۔

اس کے بعد ہماری باری آتی ہے۔ یعنی کہ 1997 سے لے کر 2010 تک پیدا ہونے والے۔ جن کو جنریشن زی کہا جاتا ہے۔ اور اب تک کی آخری جنریشن الفا ہے جو 2010 سے لے کر 2024 تک کے عرصے میں پیدا ہوئے۔

آج میں اپنی جنریشن یعنی جنریشن زی کے بارے میں بات کروں گی۔ چونکہ ہر جنریشن کا اپنا ثقافتی تاثر ہوتا ہے جو ان کی خصوصیت بن جاتی ہے۔ اسی طرح جنریشن زی کی بھی اپنی ہی الگ خصوصیات ہیں۔

جنریشن زی وہ پہلی جنریشن ہے جو انٹرنیٹ سے روشناس ہوئی۔ اس جنریشن نے انٹرنیٹ کے بغیر زندگی نہیں گزاری اور اس چیز کا ان پر گہرا اثر ہے۔  بچپن سے ٹیکنالوجی سے واقفیت رکھنے کی وجہ سے ان کو ڈیجیٹل نیٹو بھی کہا جاتا ہے۔ جنریشن زی کے لوگ میلینلز کے مقابلے میں زیادہ باخبر ہیں۔ ان کو نہ صرف یہ پتہ ہے کہ ان کے ارد گرد کیا ہو رہا ہے بلکہ وہ اس سے بھی باخبر ہے جو دنیا میں ہو رہا ہے۔

یہ جنریشن اس دور میں رہ رہی ہے جس میں پوری دنیا نے بڑی بڑی مصیبتیں دیکھی جیسے کرونا کی وبا اور دنیا میں تیزی سے آنے والی موسمیاتی تبدیلی۔ جس کی وجہ سے یہ جنریشن بہت حقیقت پسند ہے۔

جنریشن زی کی اس وقت کم سے کم عمر 14 سال اور زیادہ سے زیادہ 27 سال ہے۔ اس عمر میں باقی جنریشن کے لوگوں کو اتنی معاشی پریشانی نہیں تھی جتنی اس جنریشن کو ہے۔ جنریشن زی کو بہت چھوٹی عمر میں ہی معاشی استحکام کی ضرورت کا احساس ہو جاتا ہے اور وہ اس کے حصول کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

یہ جنریشن نوکری سے زیادہ فری لانس کے کاموں میں دلچسپی رکھتی ہے۔ کیونکہ ان کو ایک ہی ادارے کے ساتھ کئی سال کام کرنے میں مزہ نہیں آتا بلکہ اپنے ہی اوقات کار میں اپنی مرضی سے کام کرنا پسند کرتی ہے۔

چونکہ جنریشن زی کا موبائل سے زیادہ واسطہ پڑتا ہے اس لیے ٹیکنالوجی کا ان پر مضر اثر بھی  بہت زیادہ ہے۔ اس جنریشن کے لوگ اسی وجہ سے زیادہ پریشان بھی رہتے ہیں۔

اس سے پہلی جنریشنز کے مشاغل صبح کی سیر، کتب بینی اور شام کی سیر ہوا کرتی تھیں۔ مگر جنریشن زی کے مشاغل کے بارے میں بات کی جائے تو زیادہ تر یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ ان کا مشغلہ ویڈیو گیمز کھیلنا اور موبائل پر سرفنگ کرنا ہے۔

جنریشن زی کو دنیا کی زیادہ آگاہی حاصل ہے۔ وہ خود پر زیادہ  توجہ دیتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جان ہے تو جہان ہے۔ ان کو اس بات کا علم ہے کہ خود کچھ بنیں گے تب ہی دوسروں کے کام آئیں گے۔ اس لیے یہ جنریشن خود مختار ہونے پر زیادہ توجہ دیتی ہے۔

 

Show More

Sundas Behroz

سندس بہروز انگریزی لٹریچر میں ماسٹرز کر رہی ہیں اور سماجی موضوعات پر بلاگز بھی لکھتی ہیں

متعلقہ پوسٹس

Back to top button