بلاگزعوام کی آواز

گوشت کو کن طریقوں سے محفوظ کیا جا سکتا ہے؟

نشاء عارف

گرمیوں کا موسم ہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اکثر فریج میں گوشت خراب ہوجاتا ہے لیکن آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کیسے گھر میں ہی آسان طریقہ اپنا کر گوشت کو محفوظ بنا کر کئی مہینوں تک استعمال کرسکتے ہیں ۔

طریقہ 1

اس طریقہ میں اتنا گوشت الگ کر لیں جتنا آپ محفوظ کرنا چاہتے ہیں اس سے تمام چربی ہٹا لیں بعد میں باریک لمبی شکل میں کاٹ لیں۔

گوشت کاٹنے کے بعد اس پر نمک چھڑک لے اور کسی بھی چھان یا جالی میں ڈال دیں اس سے یہ ہوگا کہ گوشت کا جو اپنا پانی ہوگا وہ نکل جائے گا۔ اس کو 10 سے 15 منٹ تک رہنے دیں۔ ان تمام گوشت کے ٹکڑوں کو خوب مکس کر لیں ۔

گوشت کو خوب مکس کرنے کے بعد گھر میں کسی بھی ایسی جگہ پر ایک مضبوط دھاگہ باندھ لیں جہاں پر تیز دھوپ نا پڑتی ہو لیکن جگہ ہوا دار ہو۔ اس دھاگے پر گوشت کا ایک ایک ٹکرا پھیلا دیں اور تمام دھاگے کو بھر دیں لیکن گوشت کے ایک ٹکڑے سے دوسرے کے درمیان تھوڑا فاصلہ رکھ لیں ۔

اس مرحلے کے بعد ململ کا ایک کپڑا لے اس تار پر پھیلائیں جس پر گوشت کو محفوظ بنانے کے لئے ڈالا گیا ہے۔ اس کپڑے کا مقصد یہ ہے گوشت مکھیوں یا کیڑوں وغیرہ سے محفوظ ہوگا اور خراب نہیں ہوگا۔ 3 سے 4 دن کے بعد گوشت کو اتاریں اور ایک کپڑے سے بنے ہوئے تھیلے میں ڈالیں ۔

جب بھی دل کریں حسب ضرورت تھیلے سے گوشت نکال کر دھوئیں اور پکائیں۔ اس کو خشک گوشت کہا جاتا ہے اس خشک گوشت کو باربی کیو کیا جا سکتا ہے ۔ آلو ، بھنڈی سبزی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خشک گوشت کو پلاؤ میں ڈال کر بنایا جا سکتا ہے اسکا آسان طریقہ یہ ہے کہ گوشت کودھو کر کچھ دیر کے لئے پانی میں بگوئیں اور اسی طرح سے بنائیں جس طرح تازہ گوشت بنایا جاتا ہے مختلف قسم کے پکوان بنا سکتے ہیں۔

طریقہ 2

گوشت کو محفوظ کرنے کا یہ دوسری قسم کے طریقے کا استعمال زیادہ تر پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگ کرتے ہیں یا جہاں بجلی کا کوئی نظام موجود نہ ہو یا پھر ہر وقت گوشت دستیاب نہ ہو ۔اکثر جب دنبے کو ذبح کر تے ہیں تو کچھ گوشت استعمال کرنے کے بعد باقی گوشت کو اپنے لوکل طریقے سے محفوظ کرتے ہیں۔

اس طریقے میں سب سے پہلے گوشت کو کاٹ لیتے ہیں اور کاٹنے کے بعد دنبے کی چربی (لم) کو بھی کاٹا جاتا ہے چربی اور گوشت کاٹنے کے بعد اس پر بھی نمک ڈال دیا جاتا ہے اور کچھ دیر کے لیے رکھ دیا جاتا ہے۔ اسکے بعد ایک بڑے برتن کو آگ پر رکھ دیا جاتا ہے اور اس میں گوشت اور چربی کو ایک ساتھ ڈال دیا جاتا ہے اس کو اتنی دیر پکایا جاتا ہے جب تک گوشت کا پانی ختم نا ہو ۔

بعد میں اس کو بھونا جاتا ہے آگ سے اتارنے کے بعد اسکو خوب ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد اس سے بڑے بڑے مرتبان نما جار بھر کر ڈھکن لگا کر رکھ دیا جاتا ہے اور جب بھی ضرورت ہوتی ہے، گوشت نکال کر مختلف پکوان بنائے جاتے ہیں۔

اس بات کو یاد رکھیں کہ یہ طریقہ ان علاقوں میں اپنایا جاتا ہے جہاں یا تو برف باری پڑتی ہو یاکافی ٹھنڈی جگہ ہوتی ہے۔ جبکہ پہلے طریقے میں گوشت کو کسی بھی علاقے کے لوگ محٖفوظ بنا کر کھبی بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

لیکن اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ گوشت کو دھویا نا جائے اگر دھویا جائے گا تو پانی جذب کرنے کے بعد اس میں بیکٹریا پیدا ہوتے ہیں جس سے گوشت خراب ہوسکتا ہے۔

Show More
Back to top button