بلاگزصحت

تین دنوں میں رنگ گورا کرے،کیا آپ بھی گورا ہونا چاہتے ہیں؟

تحریر :رعناز

تین دنوں میں رنگ گورا کرے۔ کیا آپ بھی گورا ہونا چاہتے ہیں؟ گوری رنگت صرف تین دنوں میں۔ یہ دیکھے بیوٹی کریم کا کمال۔ یقینا یہ سارے جملے آپ نے بھی کہیں نہ کہیں دیکھے یا سنے ہونگے۔ آج کل ہم ٹی وی پر جو بھی چینل آن کرتے ہیں بس اس پر یہی رنگ گورا کرنے والی کریموں کے اشتہارات چلتے رہتے ہیں۔

ایک چینل پر دیکھتے ہیں تو ایک فارمولا کریم کا اشتہار چلتا ہے تو دوسرے چینل پر کسی دوسرے فارمولا کریم کا اشتہار۔ یہ معاملہ صرف ٹی وی پر نہیں بلکہ ریڈیو پر بھی چلتا رہتا ہے۔ ادھر بھی ایک چینل سے ایک بندہ کسی ایک پروڈکٹ کی تعریف کرتا رہتا ہے تو دوسرے چینل پر دوسرا بندہ بیٹھا ہوا کسی اور پروڈکٹ کی تعریف کر کر کے تھکتا نہیں ہے۔

اسی طرح جب ہم گھر سے باہر جاتے ہیں تو مختلف دیواروں پر رنگ گورا کرنے والی کریموں کے اشتہارات موجود ہوتے ہیں۔ غرض ہر کمپنی زور و شور سے اپنے اپنے فارمولا کریمز کے اشتہارات چلاتے رہتے ہیں۔

یہ تو ہو گئی ان پروڈکٹس کے اشتہارات کی بات لیکن کیا ان کریمز کو استعمال کرنے والے لوگوں نے کبھی یہ سوچا ہے کہ ان کریمز کے نقصانات کیا ہیں؟ یہ جلد کے لیے کتنے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں؟ اس کے سائیڈ ایفیکٹس کیا کیا ہو سکتے ہیں؟ لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہماری نوجوان نسل صرف گورا ہونا چاہتی ہے۔ ان کی خواہش بس یہی ہوتی ہے کہ وہ گورے چٹے ہو جائے۔ باقی اس کے نقصانات کیا ہیں اس کے بارے میں وہ نہیں سوچتے۔

یہ انسانی فطرت ہے کہ وہ خود کو پیارا، حسین و جمیل اور خاص طور پر گورا دیکھنا چاہتا ہے۔ اپنی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے وہ مختلف رنگ گورا کرنے والی کریموں کا استعمال کرتا ہے۔ بس آج کل یہ ایک فیشن بن چکا ہے کہ ہر دوسرا بندہ رات کو سونے سے پہلے چہرے پر رنگ گورا کرنے والی کریم لگا لیتا ہے۔ وہ کریم ساری رات انکے چہرے پر لگی رہتی ہے جس سے طرح طرح کے نقصانات ہوتے ہیں۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد انسان کی جلد ایسی ہو جاتی ہے جیسے کہ جلی ہوئی ہو۔

ان رنگ گورا کرنے والی کریموں کے کئی نقصانات ہیں۔ ڈرماٹولوجسٹ کا کہنا ہے کہ یہ فارمولا کریمز جلد میں موجود میلنین پگمنٹ کو کم یا پھر ختم کر دیتا ہے۔ ملنین ایک قدرتی مادہ ہے جو جلد کو گہرا رنگ دیتا ہے۔ ان کریمز کے استعمال سے جلد سرخ اور پھر کالی ہو جاتی ہے۔ یہاں تک کہ ممکنہ طور پر یہ کریم سکن کینسر کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

ڈرماٹولوجسٹ کا مزید کہنا ہے کہ ان فارمولا کریمز میں پارہ ( مرکری) کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی زہریلا  مادہ ہے۔ پارہ اعصابی مسائل گردوں اور جلد کو بہت ہی زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔

میں نے خود ایسی بہت ساری لڑکیوں کو دیکھا ہے جنہوں نے اپنے چہرے پر ان رنگ گورا کرنے والی کریمز کا استعمال کیا ہے۔ اب وہ اپنے چہرے کو دیکھ کر رو رہی ہے۔ کیونکہ ان فارمولا کریمز میں موجود کیمیکلز نے ان کی جلد کو تباہ کر دیا ہے۔ اب ان کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ ان کی  یہ جلد اب کیسے  ٹھیک ہوگی۔

یہ متاثرہ لوگ اب مختلف جلد ڈاکٹرز کے پاس جا رہے ہیں تاکہ اپنی جلد کا علاج کر سکے۔ لیکن افسوس کہ ان رنگ گورا کرنے والی کریمز کی وجہ سے ان کی جلد اتنی خراب ہو چکی ہے کہ اب ٹھیک ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔

خدارا ان فارمولا کریمز کا استعمال چھوڑ دے ۔اس کو استعمال کرنے سے پہلے اس کے سائیڈ افیکٹس کے بارے میں ضرور سوچنا چاہیے ۔ہمیں یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ یہ کریم ہماری سکن کو کچھ دنوں کے لیے گورا تو کر سکتی ہے لیکن عمر بھر کے لیے بالکل بھی نہیں۔ لہذا ہمیں اس کا استعمال ترک کر دینا چاہیے۔

رعناز ایک ڈیجیٹل رپورٹر اور بلاگر ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button