بلاگز

گل چاھت ڈانسر سے پراپرٹی ڈیلر کیسے بنی؟

شاہ زیب آفریدی

ٹرانس جنڈر چاہت کس طرح پراپرٹی کاروبار کی طرف آ گئی؟ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی کا کاروبار کرنا بہت مشکل ہے لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور اس دوران مجھے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ”بڑی مشکلوں سے اس مقام تک پہنچی ہوں۔”

ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ آج کل نہ صرف میرے ساتھ بلکہ ہر خواجہ سرا کے ساتھ پیسے ہیں، ان کو چاہیے کہ وہ اپنا کوئی کاروبار شروع کریں، ”کیونکہ میں ناچتی ہوں، خوبصورت ہوں، ہر کوئی مجھے پسند کرتا ہے، اگر میں بوڑھی ہو گئی تو کوئی مجھے پوچھے گا بھی نہیں اس لیے کاروبار ایسا کام ہے یہ بندے کو نہیں دیکھتا کہ یہ کون سے طبقے سے ہے، کیا ہے اور کیا نہیں، نہ مرد حضرات کو دیکھتا ہے نہ عورتوں کو نہ خواجہ سرا کو، خواجہ سرا بھی تو انسان ہیں، انسانیت تو تبدیل نہیں ہوتی۔”

ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سرا میں بھی ہمت ہے، وہ کاروبار کر سکتے ہیں، خواجہ سرا ڈانس کی طرف گئے یہ کوئی کام نہیں ہے بلکہ باعث شرم ہے، ”میں اپنے خواجہ سرا حضرات کو یہ کہوں گی کہ ڈانس کرنے سے کچھ نہیں ملتا اپنے ذہن کو کاروبار کی طرف مائل کرو، کاروبار کیلئے لاکھوں روپے نہیں چاہئے بلکہ دس بیس ہزار روپے سے بھی شروع کیا جا سکتا ہے، بندہ پہلے دن سے ہوائی جہاز میں سواری نہیں کرتا، اس کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے۔”

گل چاہت کی پیدائش سوات میں ہوئی اور بچپن بھی سوات میں گزارا، ”اس کے بعد میں اس فیلڈ میں آ گئی، کیوں آئی؟ کیونکہ مجھے پہلے پتہ نہیں تھا کہ میں کیسا ہوں کیسا نہیں، پشتون معاشرے میں ہماری طرح کے لوگوں کو لوگ کہاں قبول کرتے ہیں، انہی مسائل کی وجہ سے ہم اپنا گھر چھوڑ دیتے ہیں اور باہر آ جاتے ہیں اور اپنے گروؤں کے ساتھ رہتے ہیں۔”

”میری بچپن سے یہ خواہش رہی ہے کہ میرا اپنا گھر ہو، اپنی گاڑی ہو، اس طرح میں نے محنت کی اور پراپرٹی کا کاروبار شروع کیا، میں خود نقشہ بناتی ہوں اور خرید و فروخت بھی کرتی ہوں، میں اپنے والدین کی مشکور ہوں ہمارے ایسے والد تھے کہ گھر کا کام کروانے کی بجائے ہمیشہ تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی، سوات میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے تعلیم ادھوری رہ گئی، آٹھویں جماعت تک ہی پڑھ پائی، اگر مجھے اب تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل جائے تو میں تعلم حاصل کروں گی۔” گل چاھت نے بتایا۔

گل چاہت ڈانس کے علاوہ کوکنگ بھی کر سکتی ہیں اور کار بھی چلا سکتی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button