بنوں: سوئی گیس ملازم لوٹ مار کے بعد قتل، قاتل موقع پر گرفتار

ضلع بنوں کے تھانہ میرا خیل کی حدود میں رات گئے سنیچنگ کی واردات میں محکمہ سوئی گیس کے ملازم کو لوٹ مار کے دوران گولی مار کر اور تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت جسیم خان ولد نواب علی سکنہ نصر خیل، لکی مروت کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مقتول گھر واپسی پر تھا کہ دو ملزمان نے اسے لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر پہلے گولی مار دی اور بعد ازاں انکا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
ایس ایچ او تھانہ کینٹ بنوں دمساز خان جو چھٹی پر اپنے گھر موجود تھے، نے فائرنگ کی آواز سنی اور تھرمل سکوپ کے ذریعے دیکھا کہ دو افراد مقتول پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر اپنے بھائی کے ساتھ موقع پر پہنچ کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو، 30 بور پستول، مقتول کا موبائل فون اور پرس برآمد کیا گیا۔