صحتعوام کی آواز

ڈی آئی خان: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 44 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن بے نقاب

ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں 44 کروڑ 10 لاکھ روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے اس سنگین بدعنوانی کے حوالے سے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو کارروائی کے لیے باضابطہ طور پر خط ارسال کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ہسپتال کے فارماسسٹ انعم سعید اور قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طاہر خان پر دو کروڑ روپے سے زائد کی ادویات میں خردبرد کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ کرپشن مختلف شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے جن کی مجموعی مالیت 44 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق، ادویات کی چوری، غیر قانونی فروخت، غیر مجاز بھرتیاں، سی ٹی اسکین مشین کا مشتبہ کنٹریکٹ، سولر سسٹم کی تنصیب میں بے قاعدگیاں، اور میڈیکل گیس کی فراہمی جیسے شعبے کرپشن کی زد میں آئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 13 کروڑ 5 لاکھ روپے کی دوائیں چوری ہوئیں، جب کہ 4 کروڑ 3 لاکھ روپے کی ادویات غیر قانونی طور پر فروخت کی گئیں۔ مفتی محمود میموریل اسپتال سے موصولہ 2 کروڑ 5 لاکھ روپے کی دوائیں بھی غائب پائی گئیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button