برطانیہ میں پشتون ثقافتی نائٹ کا شاندار انعقاد ہوا، 600 سے زائد مہمانوں کی شرکت

برطانیہ میں مقیم پشتون کمیونٹی کی جانب سے لوٹن میں ایک شاندار پشتون ثقافتی نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پورے ملک کے 30 سے زائد شہروں سے آئے ہوئے 600 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ اس رنگا رنگ تقریب کا مقصد پشتون ثقافت، روایات اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ "پشتون جہاں بھی بستے ہیں، اپنی ثقافت سے محبت اور اس کو زندہ رکھنے کا جذبہ اُن کی پہچان ہے۔”
تقریب میں میئر آف ایلز بری راج ولی خان خٹک، اسکاٹش پشتون سوسائٹی کے صدر مشتاق خان، معروف سیاسی کارکن و تاجر ذاکر سعید، شہید کپتان روح اللہ تمغہ شجاعت کے بھائی کشِف خان مہمند، ماہر تعلیم شفیع اللہ خان (سوات)، چیئرمین پشتون کمیونٹی یوکے عبداللہ لالا اور چیف آرگنائزر سراج آفریدی سمیت کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
برطانیہ کے مختلف شہروں جیسے گلاسگو، بریڈفورڈ، مانچسٹر، برمنگھم، کوونٹری، آکسفورڈ، پیٹر بورو، سلاو، بورن ماؤتھ اور لندن سے آئے یوسفزئی، آفریدی، شنواری، مہمند، بنگش، اورکزئی، محسود، کاکڑ، اچکزئی اور خٹک قبائل کے افراد نے قومی لباس پہن کر ثقافتی ہم آہنگی اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
تقریب کا سب سے دلکش حصہ پشتو موسیقی کا پروگرام تھا، جس میں مشہور گلوکار ہشمت سحر اور معروف خاتون گلوکارہ رضوان خان نے اپنے فن سے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ شاندار عشائیے نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔