عوام کی آوازلائف سٹائل

پیغامات پڑھنے کا جھنجھٹ ختم، واٹس ایپ لایا اے آئی پر مبنی سمری فیچر

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد وقت کی بچت اور اہم معلومات تک فوری رسائی کو ممکن بنانا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیچر چیٹس میں موجود غیر پڑھے گئے (ان ریڈ) پیغامات کا خلاصہ یا سمری تیار کر کے صارف کو فراہم کرے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ صارفین مکمل پیغامات پڑھنے کے بجائے صرف اہم نکات جان کر فوری ردعمل دے سکیں۔

میٹا کی ذیلی کمپنی واٹس ایپ نے بتایا کہ اس فیچر میں میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کو پرائیویٹ طریقے سے استعمال کیا جائے گا، جو صارف کی اجازت کے بعد مخصوص چیٹ کے اہم نکات کو سمری کی صورت میں پیش کرے گا۔ جب یہ فیچر دستیاب ہوگا تو صارفین کو ان ریڈ میسجز کے اوپر "سمریز پرائیویٹلی” کا آپشن نظر آئے گا، جس پر کلک کرنے سے اے آئی چیٹ بوٹ متحرک ہو جائے گا۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر فی الحال صرف انفرادی چیٹس تک محدود رہے گا اور گروپ چیٹس میں دستیاب نہیں ہوگا تاکہ صارفین کی پرائیویسی کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ میٹا نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ سمری کی تیاری اور اس کا ڈیٹا صارف تک ہی محدود رہے گا اور کسی تیسرے فریق کو رسائی نہیں دی جائے گی۔

یہ نیا فیچر فی الحال امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران اسے دیگر ممالک میں بھی توسیع دی جائے گی۔ ساتھ ہی یہ فیچر آپشنل ہوگا، یعنی صارف چاہے تو اسے آن کرے یا نہ کرے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہوگا جو روزانہ درجنوں میسجز موصول کرتے ہیں اور انہیں مکمل طور پر پڑھنے کا وقت نہیں نکال سکتے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button