کرک اور پشاور میں اموات: تین لاشیں برآمد، 8 سالہ بچی کے قتل میں ہمسایہ گرفتار

ضلع کرک کے علاقے ٹیری میں غیر آباد گھر سے 26 سالہ مزمل فرید ولد فرید کی لاش برآمد ہوئی ہے، جو الیکٹریشن کا کام کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق مزمل فرید دو روز قبل شام کے وقت گھر سے نکلا تھا اور اس کے بعد سے لاپتہ تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مزمل کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ضلع کرک میں چوبیس گھنٹے کے دوران گھر سے لاپتہ دوسرے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، کل بھی کرک شہر کے رہائشی طاہر عرفان کی لاش برآمد تھی جو ایک روز قبل لاپتہ ہوا تھا۔
دوسری جانب پشاور کے تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود لنڈی ارباب میں 8 سالہ افغان نژاد بچی (م) دختر اعلیٰ محمد کی لاش ہمسائے کے گھر سے برآمد ہوئی۔ بچی کے والد نے تین روز قبل منکراو چوکی میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران مشتبہ ملزم کو حراست میں لیا گیا، جس کے گھر سے آج بچی کی لاش ملی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور رپورٹ آنے پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔