ایران پر امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ایرانی مندوب کی وارننگ

سلامتی کونسل میں ایران کے مندوب سعید ایراوانی نے واضح کیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، تاہم اس حملے کا وقت اور نوعیت ایرانی افواج طے کریں گی۔
سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے سعید ایراوانی نے امریکا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر لگائے جانے والے تمام امریکی الزامات بے بنیاد اور سیاسی محرکات پر مبنی ہیں، ان کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کو سیاسی ہتھیار میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور اسے جارحیت کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایراوانی نے واضح کیا کہ ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کئی بار امریکا کو جنگ سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا، لیکن امریکا نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے لیے اپنی سیکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا۔
ایرانی مندوب نے یہ بھی کہا کہ پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حصول سے ایران کو روکا جا رہا ہے، جبکہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت نے پورے خطے کو غیرمحفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دوہرے معیار ترک کرے اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔