جرائمعوام کی آواز

مردان: امن لشکر کے سربراہ سمیت چار افراد کی ذبح شدہ لاشیں برآمد

عبد الستار

مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے بابوزئی کی پہاڑیوں سے چار افراد کی ذبح شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد میں ایک مقامی نوجوان جبکہ دیگر تین کا تعلق صوبے کے مختلف اضلاع سے ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ بائیزئی کی حدود میں پیش آیا، جب مقامی افراد نے بابوزئی پہاڑی علاقے میں لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

لاشوں کی شناخت میں مقامی مقتول کی شناخت حماد غفور ولد رحم غفور کے نام سے ہوئی، جو بابوزئی کا رہائشی اور کرش پلانٹ کا مالک تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ چار روز قبل نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغواء ہوا تھا۔

دیگر مقتولین میں زبیر آفریدی ولد فضل اکبر (سکنہ باڑہ)، جو کہ امن لشکر کے سربراہ کے طور پر جانے جاتے تھے، شفق احمد ولد زر محمد (سکنہ ہری پور)، شہاب الدین ولد محمد الدین (سکنہ دیر) شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقتولین کو دو سے تین روز قبل قتل کر کے لاشیں پہاڑی علاقے میں پھینک دی گئی تھیں، اور لاشیں انتہائی خراب حالت میں ملی تھیں۔

حماد غفور کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بابوزئی میں ادا کی گئی، جبکہ دیگر مقتولین کی نماز جنازہ نوشہرہ میں ادا کی گئی۔

ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور نامعلوم ملزمان کی تلاش مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ بابوزئی پہاڑی کا علاقہ ضلع بونیر سے جاملتا ہے اور یہاں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے شرپسند عناصر کی موجودگی کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کئی مرتبہ آپریشن کر چکی ہیں۔ چند ماہ قبل بھی اسی علاقے میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ڈرون حملہ کیا تھا۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ معاشرے کو دہشت گردی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button