معروف فلم ساز نبیل قریشی کا آپریشن "بنیان المرصوص” پر فلم بنانے کا اشارہ

پاکستان کے معروف فلم ساز نبیل قریشی نے حالیہ دفاعی کارروائی "آپریشن بنیان المرصوص” اور اس میں ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے مرکزی کردار پر فلم بنانے میں دلچسپی کا عندیہ دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر آتے ہی صارفین کی جانب سے تجویز دی گئی کہ ایئر وائس مارشل کا کردار اداکار فواد خان کو دیا جائے، جس پر نبیل قریشی نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
تاہم اس تجویز پر ہر کوئی متفق نہیں۔ ایک صارف نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان ماضی میں بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور ایسے کردار کے لیے کسی ایسے اداکار کا انتخاب ہونا چاہیئے جس نے بھارت کے ساتھ کبھی کام نہ کیا ہو۔ اس پر نبیل قریشی نے صرف ایک تھمز اپ ایموجی کے ساتھ جواب دیا، بغیر کسی تبصرے کے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی دلیرانہ بریفنگز اور جارح بھارتی کارروائیوں پر دوٹوک ردعمل کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ان کا پر اعتماد لہجہ اور قیادت نمایاں ہے۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان ایئر فورس نے بھارتی فضائی حملے کے جواب میں پانچ بھارتی جنگی طیارے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے، تباہ کئے۔ اس تیز اور فیصلہ کن کارروائی کے بعد بھارت کو چند گھنٹوں میں پسپائی اختیار کرنا پڑی، جسے پاکستان کی ایک بڑی اسٹریٹجک فتح قرار دیا جا رہا ہے۔