پشاور: رنگ روڈ خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر پولیس موبائل کو نشانہ بنانے والے خودکش حملے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب گشت پر معمور پولیس موبائل کو خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور نے ملکی سالمیت پر حملہ کیا، جو کہ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جانبحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا گیا۔ ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم کے مطابق چمکنی دھماکے کے بعد اسپتال میں دو لاشیں اور چھے زخمیوں کو لایا گیا، جن میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ سویلینز بھی شامل ہیں۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ یہ دھماکہ گزشتہ رات پشاور کے مصروف علاقے رنگ روڈ پر پیش آیا تھا، جس میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا، جس کی مکمل تفتیش سی ٹی ڈی کر رہی ہے۔