شاہد آفریدی کا بھارت کو کرارا جواب: "ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے”

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمیں ڈرا نہیں سکتا، ہماری فوج تربیت یافتہ اور ہر قسم کے چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ "بھارت ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہم کافی عرصے سے حالتِ جنگ میں ہیں اور ہماری فوج اتنی مضبوط ہو چکی ہے کہ وہ ان کا مقابلہ بخوبی کر سکتی ہے۔”
انہوں نے دہشتگردی سے متعلق بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "نہ ہمارا ملک دہشتگردی کی حمایت کرتا ہے اور نہ ہمارا مذہب، ہم خود دہشتگردی کا شکار رہے ہیں اور اس کے خلاف طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں۔ ہمارا دین امن کا پیغام دیتا ہے۔”
اس سے قبل شاہد آفریدی نے پہلگام واقعے پر مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے "نکما” قرار دیا تھا، جس پر بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ جواباً شاہد آفریدی نے فوجی شرٹ پہنے ایک تصویر پوسٹ کی اور چائے کا کپ پکڑے شیکھر دھون کو "چائے پیش” کی تھی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے، اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات پر پاکستان کی جانب سے بھی سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔