باجوڑ: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار سے الٹراساؤنڈ مشین چوری

بلال یاسر
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار سے الٹراساؤنڈ مشین چوری کر لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار پہنچے۔ اسسٹنٹ کمشنر خار نے چور گروہ کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ذرائع کے مطابق رات کے اندھیرے میں چوروں نے الٹراساؤنڈ کمرے کا تالہ توڑ کر مشین کے اہم پرزے چوری کئے۔ محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو پکڑنا ممکن ہے، تاہم چور نے ماسک پہن کر واردات کی جس سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور جلد ملزمان کی گرفتاری متوقع ہے۔
ایم ایس ڈاکٹر لیاقت نے مؤقف اپنایا کہ کوئی مکمل الٹراساؤنڈ مشین چوری نہیں ہوئی بلکہ ایک چھوٹی مشین چوری کی گئی ہے۔ ان کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں چور کو ماسک پہنے اور ایک شاپر میں الٹراساؤنڈ کا چھوٹا آلہ لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر لیاقت نے مزید کہا کہ جب سے انہوں نے ہسپتال سے غائب چالیس اہلکاروں کو حاضری پر مجبور کیا ہے، ان کے خلاف سازشیں شروع ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں موجود ایک ملازم چوروں کا سہولت کار ہے، جس نے پورا منصوبہ بنایا۔ ملزمان نے الٹراساؤنڈ کمرے کا تالہ توڑ کر اپنا دوسرا تالہ لگا دیا تھا، جسے بعد میں ہسپتال انتظامیہ نے توڑ دیا۔