جرائمعوام کی آواز

لکی مروت: قتل سمیت کئی مقدمات میں گرفتار ملزم پولیس حراست سے فرار، 12 اہلکار معطل

غلام اکبر مروت

لکی مروت گاؤں وانڈہ شہاب خیل سے تعلق رکھنے والا ملزم سیف الرحمن گورنمنٹ سٹی ہسپتال کے ایم ایل سی وارڈ سے پولیس حراست کے دوران فرار ہوگیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم پر قتل، اقدام قتل، زنا اور دیگر مقدمات درج تھے۔

ملزم سیف الرحمن تھانہ کلر کہار چکوال میں قتل اور اقدام قتل، جبکہ تھانہ ڈاڈیوالہ لکی مروت میں زنا سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ انچارج پولیس چوکی لکی سٹی جمیل خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں ہسپتال پر تعینات عملے کی غفلت کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت کے ایم ایل سی وارڈ میں زیر علاج تھا جہاں اس کی نگرانی پر تعینات اہلکار عصمت اللہ نے اسے کھانے کے لیے ہتھکڑی سے آزاد کیا۔ اسی دوران ملزم کے سہولت کار نے پولیس کو ڈرانے کے لیے فائرنگ کی اور ملزم اپنے دو بھائیوں کی مدد سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

واقعے میں غفلت برتنے پر انچارج سمیت 12 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں معطل کر دیا گیا ہے، جن میں اے ایس آئی میر اسلم بھی شامل ہیں۔

او ایچ سی کے دفتر سے جاری حکم نامے کے مطابق تمام معطل اہلکاروں کو پولیس لائن کلوز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں کئی ملزمان علاج کے بہانے ہسپتالوں میں داخل ہو کر پولیس اہلکاروں سے ساز باز کر کے سہولیات حاصل کرتے اور فرار کے مواقع تلاش کرتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button