بنوں: ڈی ایچ او آفس میڈیکل سٹور سے لاکھوں روپے مالیت کی ادویات چوری

احسان خٹک
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر ظفر اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ ڈی ایچ او آفس کے مین میڈیکل سٹور سے 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری ادویات چوری کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادویات ضلع بھر کے بی ایچ یوز کے لیے ذخیرہ کی جاتی ہیں۔
ڈاکٹر ظفر اقبال کے مطابق انہوں نے 17 اپریل کو ڈی ایچ او کا چارج سنبھالا اور سٹور انچارج نے انہیں چوری کی واردات سے آگاہ کیا، جس پر فوری انکوائری کا حکم دیا گیا اور سی سی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ انکوائری کے نتیجے میں چوری میں ملوث چوکیدار سمیت تین اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے، جن میں چوکیدار آنیس خان، گریڈ 16 کے باز محمد خان اور گریڈ 7 کے صمد علی شاہ شامل ہیں۔
ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ چوری شدہ ادویات میں سے تقریباً چار لاکھ روپے مالیت کی دوا واپس کر دی گئی ہے، جبکہ باقی ادویات کی عدم واپسی کی صورت میں نقصان متعلقہ اہلکاروں کی پنشن سے پورا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چوروں نے سرکاری سٹور کے پچھلے حصے سے شٹر توڑ کر اندر داخل ہو کر ادویات چرا لیں۔
ڈاکٹر ظفر اقبال نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادویات قوم کی امانت ہیں، کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چوروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے اور وہ کسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دباؤ آیا تو وہ عہدہ چھوڑ دیں گے، لیکن اپنی ذمہ داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
ادھر ایس ایچ او سٹی، ظہیر خان کا کہنا تھا کہ اب تک محکمہ صحت کی جانب سے پولیس کو کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، اگر مقدمہ درج کرانے کے لیے کوئی آتا ہے تو تفتیش کا آغاز کیا جائے گا، جس سے مزید حقائق سامنے آئیں گے۔