افغانستان سے مذاکرات دیر سے سہی مگر درست سمت میں قدم ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ افغانستان سے بات چیت کے لیے وفاق کا اقدام دیر سے سہی مگر درست سمت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی بار بار اپیلوں کے بعد مذاکرات کا آغاز خوش آئند ہے، تاہم خیبر پختونخوا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل کیا جانا چاہیئے۔
بیرسٹر سیف نے خبردار کیا کہ صوبے کو نظر انداز کرنا غیر سنجیدگی کا مظہر ہے کیونکہ خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ اور فرنٹ لائن صوبہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے تین ماہ قبل وفاق کو مذاکرات کے لیے ٹی او آرز بھیجے تھے، جن میں قبائلی عمائدین سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر زور دیا گیا ہے۔ ان کے بقول، یہ ٹی او آرز مذاکراتی عمل کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ افغانستان سے بات چیت خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، لیکن اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی کوشش سود مند ثابت نہیں ہو سکتی۔