خیبر: 61 ہزار بچے تعلیم سے محروم جبکہ 10 ہزار کا داخلہ مکمل، محکمہ تعلیم خیبر

محکمہ تعلیم خیبر کے مطابق قبائلی ضلع خیبر میں اس وقت 61 ہزار بچے سکول سے باہر ہیں۔ داخلہ سکول مہم کے تحت 15 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے اب تک 10 ہزار بچوں کا سکولوں میں داخلہ مکمل ہو چکا ہے۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول ہاشم آباد جمرود میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں داخلہ سکول مہم کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈی ای او عادل نواز آفریدی اور پرنسپل عبدالرحمان آفریدی نے کہا کہ تعلیم سے محروم بچوں کو سکول لانا صرف اساتذہ ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی کسی معاشرے اور قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اور والدین، اساتذہ، کمیونٹی اور بلدیاتی نمائندے اس مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔
عادل نواز نے مزید کہا کہ 15 ہزار کے ہدف سے بھی زائد بچوں کو داخل کروایا جا سکتا ہے، اگر معاشرہ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز، اساتذہ، سول انتظامیہ، اور مقامی نمائندوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سب خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر ہاشم آباد ہائی سکول کے طلبہ اور اساتذہ نے محکمہ تعلیم کے افسران کے ہمراہ آگاہی واک کی، تاکہ معاشرے میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کی جا سکے اور ہر فرد کو یہ احساس دلایا جا سکے کہ تعلیم ایک بنیادی نعمت ہے، جس سے بچوں کو محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔
تقریب کے مہمانان خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نصیر عباس، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) عادل نواز آفریدی، اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر محمد واجد آفریدی، اور سکول کے پرنسپل عبدالرحمان آفریدی تھے۔
تقریب میں پرائمری کلسٹر سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ، اور بڑی تعداد میں طلبہ نے بھی شرکت کی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی ڈی ای او نے خود بچوں کے داخلے مکمل کیے۔