ملک بھر میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات اور اٹک سمیت کشمیر و گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر اور مالاکنڈ میں آندھی اور بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
ادھر سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔