عمران خان کا مقصد وزیراعظم بننا نہیں، آزاد قوم بنانا ہے، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ان کا مقصد صرف اقتدار کا حصول نہیں بلکہ پاکستان کو ایک خوددار، خودمختار اور آزاد قوم بنانا ہے۔
پشاور میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کو اس لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ وہ قانون کی بالادستی کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ناموس رسالت اور ملک کی سالمیت کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، اور ملک پر ایسے افراد کو مسلط کیا گیا جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ “جب جوتے پالش کرنے والے حکومت کریں گے تو ہم غلام ہی رہیں گے، ان کو غلام چاہئیں، لیڈر نہیں،” انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے 24 کروڑ عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، سوال یہ ہے کہ انہیں کب تک جیل میں رکھا جائے گا؟ عمران خان قوم اور آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب ہم نے تحریک چلائی ہم پر تشدد کیا گیا، ہمارے لوگوں پر سیدھی گولیاں مار کر انہیں شہید کیا۔ مدینہ کی ریاست انصاف پر قائم تھی پاکستان کی تاریخ میں بھٹو کو پھانسی دی گئی بتاؤ بھٹو کو پھانسی دینے والوں کو کیا سزا دی گئی اور کیا سزا دی جائے گی۔