مستونگ دھماکا، بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار جاں بحق، 16 زخمی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس اہلکاروں کی گاڑی کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق دھماکہ کنڈ مسوری کے قریب اس وقت ہوا جب آر ٹی سی قلات سے پولیس اہلکاروں کو لے جایا جا رہا تھا۔ پولیس ٹرک کو شمس آباد کے مقام پر آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔