جرائمعوام کی آواز

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈرائیور سمیت متعدد افراد زخمی

بلوچستان کے علاقے مچھ میں آب گم کے قریب جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ایمبولینسز کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی اور دشوار گزار علاقے کی وجہ سے جائے وقوعہ تک رسائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس کے باوجود محکمہ ریلوے کی امدادی ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقے کی جانب روانہ ہو چکی ہیں اور واقعے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تاہم ابھی ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

حکومت بلوچستان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام ادارے متحرک ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور پرامن رہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے اس دوران کئی اہم دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کئی دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button