بلاگزعوام کی آواز

واٹس ایپ اسٹیٹس: رابطے کا نیا ذریعہ یا پرائیویسی کے مسائل؟

تحریر: رعناز

آج کل واٹس ایپ اسٹیٹس ایک فیشن بن چکا ہے۔ صبح اٹھتے ہی جب موبائل فون میں واٹس ایپ کھولا جاتا ہے تو بہت سارے لوگوں کے اسٹیٹسز  نظر آرہے ہوتے ہیں۔ جس میں زیادہ تر اسٹیٹسز پر عجیب و غریب قسم کے ہوتے ہیں۔ جیسے کہ” الحمداللہ، ماشااللہ، بہت خوش ہوں، آج بہت ہی اداس ہوں”۔ مجھے تو یہ سمجھ نہیں آتا کہ آخر ان جملوں کا مطلب کیا ہوتا ہے اور آخر یہ جملے کس مقصد کے لئے اسٹیٹز پر لگایا جاتا ہے۔ بعض لوگ واٹس ایپ اسٹیٹس  کو اچھے مقصد کے لئے استعمال کرتے ہیں لیکن کچھ لوگوں نے اسٹیٹس کو عجیب مذاق بنایا ہوتا ہے۔

اگر ہم واٹس ایپ اسٹیٹس کے فوائد کو دیکھے تو اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ لوگوں کے درمیان رابطہ بہتر بناتا ہے۔ ہم اپنے روزانہ کے حالات یا خوشی کے لمحات اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ اس سے ہم  اپنے  دوست اور فیملی کی زندگی کے بارے میں جان پاتے ہیں اور یہ ہمیں ایک دوسرے کے قریب لے آتے ہیں۔

واٹس ایپ اسٹیٹس کے ذریعے ہم ویڈیوز، تصاویر اور دوسری چیزیں  شیئر کر سکتے ہیں، جو دوسروں کے لئے تفریح کا باعث بنتی ہیں۔ ہمارا اسٹیٹس کسی کا دن روشن کر سکتا ہے اور لوگوں کو ہنسنے ہنسانے کا موقع دیتا ہے۔

کبھی کبھی لوگ اپنی خوشیوں، غموں یا پریشانیوں کو اسٹیٹس کے ذریعے دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں اور کبھی کبھار ان کے دوست یا فیملی ان کی مدد بھی کرتے ہیں۔ اسٹیٹس کے ذریعے آپ اپنے احساسات کو بہتر طریقے سے ظاہر کر سکتے ہیں۔

واٹس ایپ اسٹیٹس کے ذریعے لوگ اہم معلومات یا خبریں اپنے دوستوں کے ساتھ فوراً شیئر کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر ایمرجنسی حالات میں یہ بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

جس طرح  واٹس ایپ اسٹیٹس کے فائدے ہیں بلکل اسی طرح اس ک نقصانات بھی ہے۔ ایک بڑا مسئلہ جو اسٹیٹس کے ساتھ آتا ہے وہ ہے پرائیویسی کا خیال نہ رکھنا۔ جب آپ اپنے اسٹیٹس کو شیئر کرتے ہیں تو آپ کے تمام کانٹیکٹس اسے دیکھ سکتے ہیں، اور کبھی کبھار لوگ اپنے ذاتی یا حساس معاملات اسٹیٹس پر شیئر کر دیتے ہیں، جس سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

کبھی کبھی اسٹیٹس میں ڈالی گئی بات یا تصویر کسی دوسرے کو بری لگ سکتی ہے، جس سے غلط فہمی پیدا ہوتی ہے۔ اس سے آپ کے دوستوں یا رشتہ داروں کے ساتھ لڑائیاں ہو سکتی ہیں۔ اور آج کل تو یہ فیشن بہت عام ہے کہ اگر کسی کو اپنی ناراضگی دکھانی ہے تو ان کے لئے واٹس ایپ اسٹیٹس سیٹ کیا جاتا ہے۔ واہ کیا انوکھا طریقہ کار ہے ناراضگی ظاہر کرنے کا۔

واٹس ایپ اسٹیٹس پر زیادہ وقت گزارنا بھی ایک مسئلہ ہے۔ کچھ لوگ دوسرے لوگوں کے اسٹیٹس دیکھنے اور اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے میں اتنا وقت گزارتے ہیں کہ ان کے دوسرے اہم کام متاثر ہو جاتے ہیں۔ کچھ لوگ اپنے اسٹیٹس کے ذریعے اپنے جذبات کا بہت زیادہ اظہار کرتے ہیں۔ اگر ان کے اسٹیٹس پر مثبت ردعمل نہ آئے تو یہ ان کے ذہنی دباؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

اسٹیٹس کے ذریعے بعض اوقات غلط معلومات یا افواہیں پھیل جاتی ہیں۔ کیونکہ اسٹیٹس فوراً دوسرے لوگوں تک پہنچتا ہے، اس لئے جھوٹی خبریں تیزی سے پھیل سکتی ہیں جو بعد میں مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔

واٹس ایپ اسٹیٹس ایک اچھا اور مفید فیچر ہے جو لوگوں کے درمیان رابطے کو بہتر بناتا ہے اور ان کو اپنی زندگی کے بارے میں شیئر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تاہم، اس کے کچھ برے اثرات بھی ہیں جن سے بچنے کے لئے ہمیں اس کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہیئے۔ اگر ہم اسٹیٹس کو مثبت طریقے سے استعمال کریں اور اپنی پرائیویسی کا خیال رکھیں، تو یہ ہمیں فائدہ دے سکتا ہے۔

 

Show More

Raynaz

رعناز ایک ڈیجیٹل رپورٹر اور بلاگر ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button