امریکہ: فلاڈیلفیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، چھ افراد ہلاک
فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی علاقے میں شاپنگ مال کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر 6 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں ایک اور فضائی حادثہ، تازہ ترین واقعہ ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی علاقے میں شاپنگ مال کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر 6 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے طیارہ گرنے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمتوں میں اضافہ
یاد رہے کہ 30 جنوری، جمعرات، کو بھی واشنگٹن میں مسافر جہاز اور فوجی ہیلی کے مابین حادثہ پیش آیا تھا، ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے میں موجود تمام 67 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے ایک پاکستانی خاتون عسری حسین بھی شامل تھی۔ حکام کے مطابق ابھی تک 41 لاشوں کی باقیات نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 28 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور میں اسٹاف کمی کا شکار تھا۔ وہ کام جس کے لیے 2 کنٹرولر ہوتے ہیں، اسے ایک کنٹرولر انجام دینے پر مجبور تھا۔ مسافر طیارے کے پائلٹ کو آخری لمحے ہدایت دی گئی تھی کہ وہ رن وے تبدیل کر لے، پائلٹ نے بات مان لی تھی جس پر کنٹرولر نے کلیئرنس جاری کی تو طیارے کی سمت چھوٹے رن وے کی جانب کر دی گئی۔
تاہم حادثے سے 30 سیکنڈ پہلے ائیرٹریفک کنٹرولر نے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے پائلٹ سے پوچھا کہ آیا وہ مسافر طیارے کو آتا دیکھ سکتا ہے جس کے فوراً بعد ہیلی کاپٹر کو ہدایت کی گئی کہ وہ پہلے مسافر طیارے کو گزرنے دے پھر آگے بڑھے، لیکن ائیرکنٹرولر کو ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا اور چند ہی سیکنڈ گزرے تھے کہ ہیلی کاپٹر اس سے جا ٹکرایا۔