موسم سرما میں بالوں کی حفاظت، مگر کیسے؟
موسم سرما میں چونکہ گھر کے اندر اور باہر کا موسم ذرا مختلف ہوتا ہے جس کی وجہ سے بالوں کی قدرتی چمک اور خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اس لئے سر میں خشکی اور بالوں کے سرے پھٹ جانا یا زیادہ بال گرنے جیسی شکایات عام ہو جاتی ہیں۔
موسم سرما گرچہ اپنے ساتھ کچھ سوغات تو لاتا ہے لیکن ساتھ کچھ مسائل بھی؛ تو ظاہر ہے ان مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنا پڑتی ہیں جن میں بالوں کی نشونما سب سے اہم ہے۔ بال ہماری ظاہری شخصیت اور شناخت کا ایک اہم حصہ ہیں۔
موسم سرما میں چونکہ گھر کے اندر اور باہر کا موسم ذرا مختلف ہوتا ہے جس کی وجہ سے بالوں کی قدرتی چمک اور خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اس لئے سر میں خشکی اور بالوں کے سرے پھٹ جانا یا زیادہ بال گرنے جیسی شکایات عام ہو جاتی ہیں۔ سرد اور خشک ہواؤں کی وجہ سے سر کی نمی ختم ہو جاتی ہے جس سے بال خشک اور روکھے بن جاتے ہیں۔
بالوں کا گرنا ایک عام مسئلہ ہے۔ اکثرخواتین دوستوں یا قریبی رشتہ داروں کے آگے "میرے بال بہت زیادہ گر رہے ہیں اس کا کوئی حل ہے تو بتا دو” کا رونا روتی دکھائی دیتی ہیں؛ اور جواب میں ”یہ استعمال کر لو ٹھیک ہو جائیں گے، وہ استعمال کر لو ٹھیک ہو جائیں گے” یا پھر عموماً ”تم ہربل شیمپو استعمال کیوں نہیں کرتی اس سے بال بہتر ہو جاتے ہیں” جیسے مفت مشورے ملتے ہیں۔ ہر دوسری عورت ہربل شیمپو کے گن گاتی نظر آتی ہے جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ انہیں لگتا ہے یہ جڑی بوٹیوں سے بنے ہوتے ہیں اس لیے ملاوٹ سے پاک ہوتے ہیں لیکن ایسا ہوتا نہیں۔ اور جب مختلف ہربل شیمپو استعمال کرنے کے بعد بھی کوئی فرق نظر نہ آئے یا بال مزید خراب ہو جائیں تو پھر سب کی زبان پہ "شیمپو اوریجنل نہیں تھا، اِس نے تو میرے رہے سہے بال بھی ختم کر دیے” کا کلمہ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کُرم: امدادی قافلے پر راکٹ حملہ؛ گاڑیاں واپس ٹل لوٹنے پر مجبور
بالوں سے محروم ہونا سچ مچ دل کو توڑ دیتا ہے اور خود کو گنجا ہوتے دیکھنا کسی بھیانک خواب سے کم نہیں ہوتا اس لیے ہم خود سے جڑی ہر چیز کو بہتر بنانے کے لیے کچھ غلطیاں کر بیٹھتے ہیں جو مزید نقصان کا باعث بن جاتی ہیں۔ بال گرنے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں تاہم فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں، ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ سب سے پہلے تو اگر آپ سرد موسم میں بالوں کی نگہداشت کے لیے تیل استعمال نہیں کرتیں تو جان لیجئے کہ آپ اپنے بالوں کی سب سے بڑی دشمن ہیں کیونکہ تیل ہر موسم میں بالوں کو غذائیت فراہم کرتا ہے۔ سرد موسم میں بالوں کی چمک اور حفاظت کے لیے کھوپرے، بادام، سرسوں یا زیتون کا تیل باقاعدگی سے استعمال کریں۔ تیل لگانا مختلف مسائل کا حل ہے۔
سردیوں میں بالوں کی خشکی کا بڑھ جانا بھی ایک عام مسئلہ ہے مساج جس کا ایک بہترین حل ہے۔ مساج کیلئے بھی ایلوویرا سے لے کر جیل، یا سیب کا سرکہ، یا پھر عام تیل ہی سہی، اس کا مساج بہتر نتائج دیتا ہے۔
اپنی خوراک کو صحتمند رکھیں۔ اگر آپ کی خوراک میں پروٹین کی مقدار کافی ہے تو یقینی طور پر آپ کی جلد، کھوپڑی، ناخن اور یقیناً بالوں پر بھی اس کا اچھا اثر پڑے گا۔ اپنے کھانے میں پروٹین سے بھرپورغذا جیسے انڈے، مچھلی، چکن، اناج، موسمی پھل، سبزیاں اور گری دار میوے شامل کرنے کی کوشش کریں۔
ہیئر کنڈیشنر کا استعمال سردیوں میں بالوں کی دیکھ بھال کا ایک بہترین نسخہ ہے کیونکہ کنڈیشنر میں ایسے تیل ہوتے ہیں جو بالوں کو پرورش دیتے ہیں اور انہیں ہموار بناتے ہیں۔ سردیوں میں گرم پانی کی بجائے نیم گرم پانی استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ ماسک کے طور پر بالوں میں انڈے، دودھ اور دہی سے مساج کریں پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں؛ بال گرنے، ٹوٹنے اور خشکی سے محفوظ رہیں گے۔
سردیوں میں بالوں کو روزانہ نہ دھوئیں کیونکہ بالوں کا زیادہ دھلنا نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے، کوشش کریں ایسی چیزیں استعمال کرنے سے گریز کریں جن میں کیمیکل کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
نوٹ: سعدیہ بی بی کمپیوٹر سائنس کی طالبہ ہیں اور مختلف سماجی و معاشی مسائل پر بلاگز لکھتی رہتی ہیں۔