سیاست

پختونخوا کے عوامی فنڈز دھرنوں اور اسلام آباد پر چڑھائی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں: کیپٹن صفدر

صرف ایک سال کے فنڈز صوبائی حکومت کو نہیں ملے، باقی سالوں کے ترقیاتی فنڈز جو ملے ہیں، وہ کہاں گئے؟پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ناکام ہو چکی ہے؛ جمرود میں میڈیا سے گفتگو

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے عوامی فنڈز دھرنوں اور اسلام آباد پر چڑھائی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

وہ ن لیگ کے نمائندہ وفد کے ہمراہ تحصیل جمرود، ضلع خیبر، کے دورہ پر تھے جہاں شاہ کس میں واقع الحاج ہاؤس میں انہوں نے سابق ایم این آے الحاج شاہ جی گل آفریدی کے بھتیجے اور سابق چیئرمین الحاج سید نواب آفریدی مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا، ایم پی اے ملک طارق اعوان، ایم پی اے قاری ظاہر و دیگر صوبائی و مقامی رہنماء شامل تھے۔

اس موقع پر سابقہ ایم پی اے الحاج شفیق شیر آفریدی، سابق ایم پی اے الحاج بلاول آفریدی، الحاج بلال آفریدی، چیئرمین تحصیل جمرود الحاج عظمت خان، چیئرمین تحصیل لنڈیکوتل شاہ خالد شینواری اور ملک فیض اللہ جان کوکی خیل، ملک یوسف مدوخیل، ملک عبدالغفار کوکی خیل، اور ملک شاہ محمود آفریدی سمیت دیگر مقامی مشران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: انضمام ناکام؛ کیا واقعی قبائلی عوام پرانا نظام چاہتے ہیں؟

الحاج ہاوس آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات اچھی بات ہے۔ ملک کا آئین و قانون ماننے والوں کے ساتھ مذاکرات میں کوئی قباحت نہیں ہے: "ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کی ترقی اور امن کے لیے سب مل کر کام کریں۔”

ن لیگی رہنماء نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ناکام ہو چکی ہے؛ پنجاب میں ترقی کا پہیہ چل پڑا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ترقی کا پہیہ رک گیا ہے: "پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں 11 سال حکومت کی تاہم حالات ویسے کے ویسے ہیں، کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ صرف ایک سال کے فنڈز صوبائی حکومت کو نہیں ملے، باقی سالوں کے ترقیاتی فنڈز جو ملے ہیں، وہ کہاں گئے؟ سرکاری فنڈز دھرنوں اور اسلام آباد پر چڑھائی پر خرچ ہو رہے ہیں۔ سول نافرمانی بھی نو مئی کی طرح ظلم ہو گا۔ نو مئی کو ہم ملک پر حملہ سمجھتے ہیں۔”

کیپٹن صفدر نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کے خلاف سازش نہ ہوتی اور نواز شریف کو بے گناہ نااہل نہ کیا جاتا تو اب ملک کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہوتا۔ ملک میں موٹرویز کا نیٹ ورک نواز شریف کی مرہون منت ہے۔ پنجاب میں ایماندار باپ کی ایماندار بیٹی کی بدولت پنجاب ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا؛ ملک معاشی طور پر مستحکم ہو گیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک حافظ آرمی چیف بنا ہے اور مرکزی حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ ایک پیج پر ہیں اور ملک ترقی کر رہا ہے: "نواز شریف جلد ایبٹ آباد کا دورہ کریں گے اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ کوشش کریں گے مرکز میں قبائلی اضلاع کو مضبوط نمائندگی دی جائے تاکہ ان کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کروایا جائے۔”

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button