لکی مروت: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا
شناخت آصف علی کے نام سے ہوئی جو عسکریت پسندوں کا مقامی کمانڈر اور انتہائی مطلوب دہشت گرد انعام اللہ عرف لامبا کا اہم ساتھی تھا۔ ذرائع
لکی مروت: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جس کی شناخت آصف علی کے نام سے ہوئی جو عسکریت پسندوں کا مقامی کمانڈر اور انتہائی مطلوب دہشت گرد انعام اللہ عرف لامبا کا اہم ساتھی تھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ مختلف بم حملوں اور دہشت گردی کی متعدد ورادتوں میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر انعام اللہ عرف لامبا دو دہشت گرد ساتھیوں ولایت سکنہ طور لونگ خیل اور آصف علی سکنہ منڈان منجیوالہ کے علاقہ شاگئئی میں موجود ہے اور تینوں ہولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور آلودہ ترین شہر قرار؛ ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان
اطلاع ملنے پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیم جب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر پہنچی تو دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ شروع کی۔ فائرنگ کا یہ تبادلہ مبینہ طور پر کافی دیر تک جاری رہا، فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد پولیس نے جب سرچ آپریشن شروع کیا تو آصف علی انہیں مردہ حالت میں ملا جس کے پاس کلاشنکوف اور ایمونیشن بھی پایا گیا۔
پولیس کے مطابق باقی دو دہشت انعام عرف لامبا اور ولایت جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔