تیراہ متاثرین: الخدمت فاؤنڈیشن کا کل سے باغ میں امدادی کیمپ لگانے کا اعلان
منتخب نمائندوں اور پی ڈی ایم اے سمیت خدمات فراہم کرنے والے دیگر بھی ادارے منظرعام سے غائب ہیں، تاہم جماعت اسلامی نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ شاہ فیصل آفریدی
"باڑہ میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے میں حکومتی اداروں کی سردمہری اور اقدامات کے فقدان سے حالات کنٹرول سے باہر ہوتے جا رہے ہیں؛ جلد از جلد اقدامات اٹھائیں جائے، منتخب نمائندوں اور پی ڈی ایم اے سمیت خدمات فراہم کرنے والے دیگر بھی ادارے منظرعام سے غائب ہیں، تاہم جماعت اسلامی نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔”
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خیبر کے امیر شاہ فیصل آفریدی نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اکبر آفریدی، جماعت اسلامی باڑہ کے امیر محمد خان، نائب امیر خان ولی آفریدی، اور جنرل سیکرٹری قاری واجد آفریدی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے؛ ایک سپاہی شہید
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں شدت پسند گروپوں کا دوبارہ منظم ہونا قابل تشویش ہے؛ جبکہ شدت پسندوں پر تعداد کم ہونے کے باوجود قابو نہ پانا بھی ناقابل فہم ہے، حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا گیا ہے: "وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت حالات کو اس نہج پر لانے کی ذمہ دار ہے۔ نقل مکانی کرنے والوں ،کی حالت زار سے ایم این اے، ایم پی اے اور پی ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی چشم پوشی ایک مجرمانہ فعل ہے، سب متاثرین کے ساتھ امداد کیلئے آگے آئیں۔”
انہوں مزید کہا کہ کل سے الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار باغ، وادی تیراہ میدان، میں متاثرین کیلئے امدادی کېمپ لگائیں گے جس میں ٹرانسپورٹ اور غذائی اجناس سمیت دیگر ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔